• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،شہید بینظیربھٹو سے منسوب تفریحی پارک تباہی کے دہانے پر

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب نیوپنڈ کا واحد تفریحی پارک بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، شہید بینظیر بھٹو سے منسوب تفریحی پارک میں جگہ جگہ گند و کچرے کے ڈھیر لگ گئے، لوگوں نے پارک کو جانور باندھنے کے اصطبل اور گاڑیوں کی پارکنگ کے ایریا میں تبدیل کردیا، پارک کی چار دیواری کے اوپر لگائی جانیوالی لوہے کی جالیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ میونسپل انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب شہر کے اکثریتی تفریحی مقامات زبوں حالی سے دوچار ہیں اور پارکوں میں تفریح کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں وہ تفریح کی سہولیات سے محروم ہوگئے ہیں۔ شہر کے وسط میں واقع محمد بن قاسم پارک، پرفضاء مقام لب مہران پارک، خورشید بیگم میموریل پارک کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں میں واقع تفریحی مقامات بھی اجڑتے جارہے ہیں جو کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے شعبہ باغات کے افسران کی کارکرگی پر سوالیہ نشان ہے۔ نیوپنڈ میں واقع شہید بینظیر بھٹو پارک کی تزئین و آرائش و مرمت کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے فنڈ مختص کیا گیا تھا اور خطیر رقم سے تزئین و آرائش کا کام بھی کرایا گیا تھا مگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث پارک زبوں حالی سے دوچار ہوگیا ہے، پارک کے کسی بھی علاقے میں گھاس دکھائی نہیں دیتی اور پارک چٹیل میدان کا منظر پیش کررہا ہے۔ رات کے وقت لوگ اپنی گاڑیاں پارک میں کھڑی کردیتے ہیں اور صبح کے وقت پارک سے گاڑیاں نکال لیتے ہیں، پارک میں مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیر بھی لگے ہوئے ہیں جنہیں صاف نہیں کیا جارہا ہے۔نیوپنڈ کی ایک لاکھ سے زائد آبادی کو مذکورہ پارک سے تفریح کی سہولیات تو میسر نہیں آرہی ہے تاہم علاقے میں رہائش پذیر نوجوانوں نے اسے کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور نوجوان شام کے وقت یہاں کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اگر پارک کی تزئین و آرائش کے کام پر توجہ دے تو پارک کی اراضی بڑی ہونے کے باعث اس کا ایک حصہ کھیل کے میدان کیلئے وقف کیا جاسکتا ہے جبکہ باقی حصے میں پارک بناکر وہاں آنیوالے لوگوں کو تفریح کی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہے مگر میونسپل انتظامیہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریزاں نظر آتی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک کی ابتر حالت کیخلاف کئی مرتبہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو تحریری درخواستیں دیں، اس حوالے سے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے مگر انتظامیہ ہماری بات پر توجہ دینے کو تیار نہیں۔ تفریح پارک زبوں حالی کا شکار ہونے کے باعث نیوپنڈ کے عوام بالخصوص بچے تفریح کی سہولت سے محروم ہے اور دور دراز علاقوں میں واقع تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں مگر انتظامیہ بینظیر بھٹو پارک کو بہتر بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نیوپنڈ میں واقع تفریحی پارک کی زبوں حالی کا نوٹس لیکر اس کی بہتری، تزئین و آرائش و مرمت کا کام کرایا جائے۔
تازہ ترین