گزشتہ دنوں ’’جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز‘‘ کی جانب سے جدہ میں شہدا ءجموں اور یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے اجلاس کا اہتمام کیا گیا،جس کی صدارت سردار اشفاق چیئرمین کمیونٹی نے کی اور نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل سردار وقاص عنایت اللہ نے اداکیے۔اس موقعے پر مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کے شہدا ءکی قربانیاں تحریک کشمیر کا ایندھن ہیں اور نئی نسل کے لیے مشعل راہ بھی ،جن کی بدولت آزادیٔ کشمیر کی تحریک اپنے منطقی انجام کو پہنچ کے دم لے گی ۔برہان وانی کی شہادت نے اس تحریک میں نئی روح پھونکی ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھارتی ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے۔نوجوان کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ہم اقوام عالم اور عالمی طاقتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو بند کروایا جائے اور کشمیریوں کے ساتھ اقوام متحدہ نے رائے شماری کا جو حق دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے اسے پورا کیا جائے ۔
مقررین میں سردار عبداللطیف عباسی، سردار اقبال یوسف، سردار وقاص عنایت اللہ،راجہ زرین خان، چودھری خورشید متیال، قاری ارشاد الحق، راجہ زرین شامل تھے۔ اجلاس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔دوسری تقریب میں کشمیر کمیٹی کے عہدیداروں نے کہا ہے کے19 جولائی 1931ءسے آج تک کشمیری تحریک آزادی کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ 7 لاکھ سے زائد ہندوستانی افواج کے ظلم و ستم کے باوجود ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی اور ناقابل فراموش قربانیاں دے کر اس تحریک کو جاری رکھاہے۔ترجمان کشمیر کمیٹی جدہ محمد عامل عثمانی کے مطابق صدر مسعود احمد پوری ،منیر احمد گوندل،راجہ محمد زریں خان، چوہدری محمد اعظم اور دیگر ممبران نے کشمیری رہنماؤں، بزرگوں، نوجوانوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ایمانی جرات پر انہیں سلام تعظیم پیش کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت مل نہیں جاتا۔
کشمیریوں کی منزل ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان اوراس سے الحاق ہے۔ 19جولائی 1931 ء کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن سرینگر کے مقام غازی ملت سردار محمد ابراہیم کے گھر پر مسلم کانفرنس کی جنرل کونسل نے متفقہ طور پر الحاق کی قرارداد پاس کرکے کشمیریوں کی منزل کا تعین کردیا تھا۔ 19 جولائی کو ہر سال آزاد کشمیر، وادی اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم الحاق پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ مناتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے لئے اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی جب تک کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔
پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف)کے چیئرمین امیرمحمد خان نے اپنی رہائش گاہ پر فورم کے اراکین اور پاکستان سے آئے ہوئے سعودی وزارت اطلاعات کے مہمان صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب میں پاکستان قونصلیٹ کے پریس قونصل ارشد منیر، عرب نیوز کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سراج وہاب، ریڈیو جدہ کے لئیق اللہ خان نےخصوصی شرکت کی۔
پاکستان سے آئے ہوئے صحافیوں سید شاویز علی اور حمزہ ملک نے جدہ کے صحافیوں کو پاکستانی صحافت میں میڈیا کے کردار سے تفصیلی آگاہ کیا اور پی جے ایف کے اراکین کے مختلف سوالوں کے جوابات دیے۔ مہمان صحافیوں نے سعودی عرب میں پاکستانی صحافیوں کے مثبت کردار کو سراہا ۔عشایئے میں شاہد نعیم،جمیل راٹھور،ابصارسید، شہزاد اعظم ، معروف حسین، چودھری نعیم، امانت اللہ، اسد اکرم، خالد چیمہ، فضل مہمند، ذکیر بھٹی، غلام مصطفے خان اور دیگر نے شرکت کی۔