مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود ن لیگ اکثریتی جماعت ہے،یہ عام فتح نہیں ووٹ پر ڈاکے کے باوجود جیتے ہیں۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد رانا ثنا اللہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہبازنے کہا کہ نوٹوں کی بوریاں کھول کر آج ایک شخص لوگوں کو خریدنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایوان سجے گا تو ہر کرسی سے آواز اٹھے گی کہ یہ جعلی الیکشن ہیں ، الیکشن میں ڈاکے کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے ۔
حمزہ شہبازنے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنانے کی بھرپور کرشش کرے، یہ عام فتح نہیں ووٹ پر ڈاکے کے باوجود جیتے،ہر فورم پر جائیں گے اور اس ڈاکے کو ایکسپوز کریں گے۔
ان کا کہناتھاکہ شدید تحفظات کے باوجود کوشش کریں گے جمہوریت پھلے پھولے، اپنے ایک ایک ووٹ پر پہرہ دیں گے اور گلی گلی جائیں گے جس کے جہاز میں امیدواروں کو بنی گالا کا طواف کرایا جاتا ہے اس نے کروڑوں کے قرضے معاف کرائے۔
حمزہ شہباز پاکستان کی بقا جمہوریت میں ہے،ملک کی 70 سالہ تاریخ میں یہ سب سے متنازع الیکشن ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی نے اتفاق رائے سے شہباز شریف کو پارلیمانی لیڈر کے تقرر کا اختیار دیا ہے، جمہوری اصولوں کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کا حق دیا جائے۔ آزاد امیدواروں پر غیر سیاسی قوتوں کا بھی پریشر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں قائد میاں نواز شریف اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی اور نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو پابند سلاسل رکھنے کی مذمت بھی کی گئی۔
پارلیمانی پارٹی نےقرارداد میں نامعلوم اور غیرسیاسی عناصرکےالیکشن پراثر انداز ہونےکی مذمت کی۔