اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے شمالی علاقہ جات کیلئے پی آئی اے کے زائد کرایوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہاکہ اٹارنی جنرل صاحب آپ نے اس معاملے پر عدالت کی معاونت کرنی ہے،گلگت اور اسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب الوطن ہیں،ان علاقوں میں ہر پتھر پر پاکستان لکھا ہے،گلگت میں دو سال میں نہ چوری ہوئی نہ قتل ہوا،اتنے پیارے لوگوں کونظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ 2018ء میں وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو دئیے گئے تمام حقوق واپس لے لیے، یہ وہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت زیادتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ کا ایک حکم نامہ ہے اس پر عمل نہیں ہوا،ہم دو ہفتوں کیلئے کیس ملتوی کر رہے ہیں، اگر آپ اٹارنی جنرل نہ بھی ہوئے پھر بھی آپ نے عدالتی معاون کے طور پر عدالت کی معاونت کرنی ہے۔ بعدازاں کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔