• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممکن ہو تو نیو ایئرپورٹ کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے، چیف جسٹس

اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پانی جمع ہونے سے متعلق ازخود نوٹس نمٹا دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ممکن ہو تو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی بھی کی جائے، یقینی بنایا جائے مستقبل میں ایئرپورٹ پر پانی کھڑا نہ ہو۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ سے متعلق کیس کی۔ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ بار بار کہا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ چوہدری منیر نے بنایا، چوہدری منیر نے صرف رن وے بنایا تھا،بلا وجہ کسی کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بارش کا پانی جمع ہونے کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں پانی جمع ہوا تھا، بورڈنگ جاری کرنے والے کائونٹر کے پاس پانی جمع نہیں ہوا، میڈیا پر چلنے والے کلپ بھی سپریم کورٹ میں پیش کردیئے گئے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی پارکنگ بھی ایئرپورٹ کا حصہ ہوتی ہے، ہم نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیزائن نہیں تعمیرات کا جائزہ لینا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے زیر تعمیر حصے میں پانی زیادہ جمع ہوا تھا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ ایئرپورٹ کی تعمیر پر کتنی رقم خرچ ہوئی؟سول ایوی ایشن حکام نے عدالت کو بتایا کہ منصوبہ 37ارب سے شروع اور 106ارب میں مکمل ہوا۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ منصوبے کی لاگت میں اضافے کی ذمہ داری کوئی نہیں لے گا، 106ارب روپے خرچ ہو گئے اب تک تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیزائن کرنے والے معاملے کو دیکھیں، ممکن ہو تو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی بھی کی جائے، یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پانی کھڑا نہ ہو۔عدالت نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میں پانی کھڑا ہونے سے متعلق ازخود نوٹس نمٹا دیا۔
تازہ ترین