راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر حسن رضا پاشا ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری حفضہ بخاری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ لاہور ہا ئی کورٹ راولپنڈی بنچ میں سات ججز کی کمی ہے جسے فور ی طور پر پورا کر نے کی ضرورت ہے۔انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی کی جانب سے ضلع لودھراں کولاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ سے ہٹا کر بہاولپور بنچ کے ساتھ منسلک کرنے اور ضلع ساہیوال کو ملتان بنچ سے ہٹا کر لاہور ہائی کورٹ لاہور(پرنسپل سیٹ ) سے منسلک کرنے اور ان اضلاع کے زیر سماعت مقدمات کی سماعت نئے بنچوں کو منتقل کرنے کے اقدام کی حمایت کرتے ہوئے اسے احسن اقدام قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میانوالی ،خوشاب اور ضلع گجرات کی دو تحصیلوں سرائے عالمگیر اور کھاریاں کو لاہور ہائی کورٹ لاہور(پرنسپل سیٹ) سے ہٹا کر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے ساتھ منسلک کیا جائے اور میانوالی،خوشاب،سرائے عالمگیر ،کھاریاں کے مقدمات کو راولپنڈی بنچ منتقل کیا جائے تاکہ ان علاقوں کے سینکڑوں سائلین کو بھی جلد،فوری اور سستا انصاف مل سکے اور پرنسپل سیٹ پر مقدمات کا دباؤ بھی کم ہو گا۔ حسن رضا پاشا اور حفضہ بخاری نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایک جج کے پاس روزانہ کی بنیاد پر اڑھا ئی سو سے زائد کیسوں کی کا ز لسٹ ہو تی ہے ۔چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ سنجیدگی سے ان معاملات کا نوٹس لیں تاکہ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی ہو سکے۔