صحیح عمر میں نوجوانوں کی شادی ایک پاکدامن معاشرے کو وجود میں لاتی ہے، جہاں نفسیاتی طور پر مضبوط شخصیتیں پروان چڑھتی ہیں۔ صحیح عمر میں شادی فطرت کی پکار کا جواب ہے۔ کچھ لوگ ستاروں کے علم پر یقین رکھتے ہیں اور کوئی بھی کام کرنے سے پہلے اپنے ستاروں کا حال ضرور معلوم کرتے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کے نزدیک اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ آپ کی دلچسپی کے لیے آج ہم یہ بتانے جارہے ہیں کہ آپ کا برج، آپ کی شادی کے لیے صحیح عمر کیا تجویز کرتا ہے۔
حمل (Aries)
برجِ حمل سے تعلق رکھنے والے افراد بہت ذہین ہوتے ہیں اور ہر کام سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ شادی کرنے میں جلدی نہ کریں۔20سال کی عمر ہونے کے بعد اور 30سال سے پہلے پہلے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں۔ اس طرح انہیں کبھی بھی اپنے فیصلے پر پچھتاوا نہیں ہوگا۔
ثور (Taurus)
جن لوگوں کا برج ثور ہوتا ہے، وہ کافی رومانوی مزاج کے ہوتے ہیں اور شادی کےلیے ایسے افراد کا انتخاب کرتے ہیں جن کی ان سے جذباتی وابستگی ہو۔ یہ بہتر جیون ساتھی کی تلاش میں ہوتے ہیں اور جب تک انہیں اچھا شریکِ حیات نہ مِل جائے، شادی نہیں کرتے۔ ایسے لوگوں کےلیے عمر صرف ایک ہندسے کے سوا کچھ نہیں ہوتی، لہٰذا ایسے لوگوں کو چاہیے کہ جب انہیں اپنے مزاج کے مطابق ساتھی ملے، اسی وقت ہی شادی کریں۔
جوزا (Gemini)
برج جوزا سے تعلق رکھنے والے اکثرافراد کوئی بھی فیصلہ کرنے میں تھوڑی مشکل کا شکار ہوتے ہیں، تاہم یہ لوگ شادی سے دور نہیں بھاگتے۔ ان لوگوں کو چاہیے کہ 30 سال کی عمر تک اپنا جیون ساتھی تلاش کرکے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں۔
سرطان (Cancer)
برج سرطان کے حامل افراد شادی کرنے کے ساتھ خاندان کو آگے بڑھانے میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ایک بار شادی کرنے کے بعد اپنے رشتے کو آخر عمر تک نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد کےلیے شادی کی صحیح عمر 20 سال ہوتی ہے۔
اسد (Leo)
برج اسد سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا لائف پارٹنر منتخب کرنے کے معاملے میں خاصی احتیاط برتتے ہیں اور جب تک انہیں شادی کےلیے صحیح جیون ساتھی نہیں مل جاتا، شادی نہیں کرتے۔ تاہم برج اسد سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہئے کہ وہ 30سال کی عمرتک مناسب جیون ساتھی کا انتخاب کرکے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں، اس طرح ان کی زندگی خوشگوار گزرے گی۔
سنبلہ (Virgo)
برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد متوازن زندگی کے قائل ہوتے ہیں اور صرف ان ہی لوگوں سے شادی کرتے ہیں، جن کے بارے میں وہ پوری طرح مطمئن ہوتے ہیں۔ 20 سال کی عمر کے بعد شادی کرنا ان لوگوں کےلیے ٹھیک رہتا ہے۔
میزان (Libra)
برج میزان سے تعلق رکھنے والے افراد شادی کو ہمیشہ ایک ذمہ داری کے طور پر لیتے ہیں اور اسے اچھی طرح نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کےلیے بھی شادی کی صحیح عمر 20 سال کے بعد ہوتی ہے۔
عقرب (Scorpio)
برج عقرب سے تعلق رکھنے والے لوگ بہت محبت کرنے والے ہوتے ہیں، لہٰذا جب آپ کو کوئی ایسا شخص مل جائے، جس کے بارے میں آپ کو یقین ہو کہ یہ آپ کے لیے بالکل ٹھیک ہے، تب ہی شادی کریں۔
قوس (Sagittarius)
برج قوس سے تعلق رکھنے والے لوگ یکسانیت سے جلدی اکتا جاتے ہیں، یہ لوگ ایڈونچر پسند کرتے ہیں۔ ایسے لوگ ذہنی طور پر تھوڑے بے چین ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں چاہیے کہ جب تک شادی کےلیے مکمل طور پر خود کو تیار نہ کرلیں، شادی نہ کریں۔
جدی (Capricorn)
برج جدی سے تعلق رکھنے والے افراد شادی اوراس کی اہمیت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ لوگ ایماندار اور رشتے نبھانے والے ہوتے ہیں، لہٰذ انہیں چاہیے کہ 25سال عمر ہونے کے بعد شادی کرلیں۔
دلو (Aquarius)
برج دلوسے تعلق رکھنے والے افراد اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں اور ایسے جیون ساتھی کی تلاش میں ہوتے ہیں، جسے ان کی آزادی سے کوئی پریشانی نہ ہو۔ لہٰذا برج دلو کے حامل افراد کو جیسے ہی ان کےلیے صحیح پارٹنر مل جائے فوراً شادی کرلیں۔
حوت (Pisces)
برج حوت سے تعلق رکھنے والے افراد خوابوں کی دنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں اور بہت جذباتی ہوتے ہیں۔ لہٰذا اپنی شادی اور مستقبل کے بارے میں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں ایسا جیون ساتھی ملے، جس کی سوچ ان سے ملتی ہو۔ تاہم شادی کے بعد ان پر حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ دنیا خوابوں میں رہنے کی جگہ نہیں۔ ایسے افراد کوچاہیے کہ حقیقی دنیا میں رہنے والے افراد کو جیون ساتھی کے طور پر منتخب کریں اور صحیح جیون ساتھی کےلیے تھوڑا صبر کریں، چاہے اس کےلیے انہیں زیادہ عمر میں ہی شادی کیوں نہ کرنی پڑے۔