اوسلو(نیوز ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین اور منہاج القرآن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف گذشتہ 4 سالوں سے متاثرین ماڈل ٹائون کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی آ ئی ہے اورہمیں امید ہے کہ عمران خان ماڈل ٹائون کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں جس ایجنڈے کا وعدہ کیا ہے اگر وہ اس پر عمل کریں گے توپاکستان عوامی تحریک انکی بھرپور سپورٹ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناروے آمد پرصحافیوںسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چار روزہ تنظیمی و تحریکی دورہ پر وہ اوسلو ائیرپورٹ پہنچے تو مقامی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ڈاکٹر طاہرالقادری دورہ ناروے کے دوران 4 اگست شام چھ بجے منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خطاب بھی کریں گے۔