اسلام آباد(عثمان منظور)چیف جسٹس ثاقب نثار کی سیکوریٹی پر مامور سیکوریٹی اہلکاروں کیلیے نقد انعامات جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے آئی جی پنجاب کو جلد نقد انعام‘ سرٹیفکیٹ کے اجرا اورتعمیلی رپورٹ جمع کرانیکا حکم دیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق،سپریم کور ٹ آف پاکستان نے آئی جی پولیس پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی سیکوریٹی پر مامور 25رکنی اسکواڈ کے لیے نقد انعام کا اعلا ن کریں۔ان پولیس اہلکاروں کے لیے نقد رقم کے اعلان کی سفارش اس لیے کی گئی ہے کیوں کہ انہوں نے چیف جسٹس کے ساتھ لاہور میں اپنے فرائض ایمان داری سے انجام دیئے تھے۔آئی جی پولیس پنجاب کو فوری طور پر نقد ی انعام کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے سینئر پروٹوکول آفس سے آئی جی پنجاب کو 26جولائی کو ایک خط لکھا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ میں آپ کو ہدایت کرتا ہوں کہ ان کی فرائض میں انجام دہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ان کے لیے نقد انعام ، سرٹیفکیٹ کے اجراء کے ضروری انتظامات فوری طور پر کیے جائیں ۔چیف جسٹس آف پاکستان کے لاہور میں دورے کے موقع پر جن 25اہلکاروں نے ان کے ساتھ سیکوریٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیئے ان میں حماد رضاہیڈ کانسٹیبل(انچارج)، شہزاد احمد ایچ سی، عبدالجبار، فخر رضا، محمد آصف، قاسم علی، عثمان(ایچ سی)۔ان کے علاوہ مذکورہ سیکوریٹی ڈیوٹی پر 11پولیس کانسٹیبل بھی شامل تھے ، جن میں عبدالقیوم، محمد عمران، عبدالرشید، محمد شاہد، ایم عابد، عظیم اللہ، انورالحق، ایم شہزاد، فرحان منیر، ایم افضل اور محمد نوید شامل تھے۔ان کے علاوہ دو ڈرائیورز، سکندر حیات اور حیدر زمان، دو گن مین، ساجد شاہ اور محمد رضوان، ایک پائلٹ حیدر علی اور دو وارڈنز مظہر حسین اور منور حسین شامل تھے۔پنجاب پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کارکردگی کے سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کے انتظامات جلد ہی مکمل کرلیے جائیں گے اور رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرادی جائے گی۔