اولڈہم( تنویر کھٹانہ) برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی مادر وطنسے پناہ محبت کرتی ہے اور اپنے علاقے میں مشہور و معروف شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی کرتی رہتی ہے۔ آزادکشمیر کے ضلع میرپور کے نواحی گاؤں اسلام گڑھ سے تعلق رکھنے والے مولوی سیلمان مرحوم کی والی بال کھیل سے دلی لگاؤ اور دلچسپی کی وجہ سے اور علاقے کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی سینٹر اولڈہم میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے افغانستان، ایرانی اور پاکستانی ٹیموں کی شرکت نے اسے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ بنا دیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اولڈہم اور برمنگھم (افغانستان) کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو اولڈہم کی ٹیم نے دو کے مقابلے میں صفر سیٹ سے جیت لیا۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ بہترین کھیل پر مطلوب کو ملا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان نیشنل والی بال ٹیم کے کیمپ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی محمد سیلمان رکھیالوی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مولوی سیلمان ایک نیک اور اچھی شخصیت کے مالک تھے، والی بال کے کھیل کو اسلام گڑھ میں فروغ دینے کے لیے انکی خدمات یاد رکھی جائیں گی مرحوم نے اس گیم کی پہچان پورے علاقے میں کروائی تھی۔ اولڈہم کونسل کے کونسلرز اور سابق مئیرز عتیق الرحمن اور شعیب اختر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی سطح پر یہ ٹورنامنٹ ہر سال ہوتا ہے اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو فلاحی اور جسمانی سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جاتا ہے تاکہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔ اولڈہم کونسل ہر سال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مالی و اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر طاہر اقبال اور عمران چوہان کا کہنا تھا کہ ہم تمام مہمانوں اور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے شکر گزارہیں جنہوں نے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میںسردار امرجیت سنگھ، تاحیات کپتان لالہ منیر برٹن، لالہ صابر، چوہدری محمد اشفاق، محمد یاسین، استاد رشید منگلا، محمد اسحاق، نذر حسین، محمد نجیب تصدق حسین، طاہر اقبال ودیگر نے بھرپور شرکت کی اور کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔