لاہور (نیوز ایجنسیاں ) چیف جسٹس ، جسٹس ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کے واقعے کا ازخود نوٹس واپس لیتے ہوئے پرآئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کا حکم دیدیا۔ جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ندیم عباس فائرنگ کیس سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعے کے زیادہ تر ملزمان گرفتار کیے جاچکے اور وہ ریمانڈ پر ہیں، ندیم عباس بارا کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ کسی اور جگہ پیش آیا لیکن پولیس نے ندیم عباس بارا کو گرفتار کرلیا، متعلقہ ایس پی نے ذاتی رنجش پرنومنتخب ایم پی اے ندیم بارا اور ساتھیوں پر جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ اس پرچیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی پنجاب دیانتدار آدمی ہیں، وہ مکمل تفتیش کرکے رپورٹ دیں گے۔