کوہاٹ میں سماری کے قریب مسافر بس اور ٹینکر میں ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد افراد 18تک جا پہنچی ہے۔
جاں بحق ہونے والے 18 افراد میں 2 بچوں اور 2 خواتین بھی شامل ہیں تاہم 38 ابھی بھی زخمی ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق مسافر بس کو حادثہ انڈس ہائی وے پر سماری کے قریب پیش آیا جب مسافر بس جو بونیر سے کراچی جا رہی تھی ٹینکر سے ٹکرا گئی جبکہ بس میں سوار افراد کا تعلق مالاکنڈ کے مختلف علاقوں سے ہے۔
زخمی مسافر کا کہنا ہے کہ بس میں 52 افراد سوار تھے، حادثہ دونوں ڈرائیورز کی غلطی کے باعث پیش آیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ادھر نگراں وزیراعلیٰ دوست محمد نے کوہاٹ میں بس حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ترجیحی بنیادوں پر زخمیوں کو طبی سہولیات دی جائیں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔