تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دورہ ایران میں تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش کا اظہار کردیا ۔
بنی گالہ میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایران کا کردار قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر نے انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام عمران خان کودیا ، ملاقات میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔
ایرانی صدر کے پیغام اور مبارکباد پر عمران خان نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، پاکستانی معیشت کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنا ہمارا اہم ترین ہدف ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون و ترقی کے ایجنڈے میں اشتراک کے لیے ہمہ وقت تیار ہےجبکہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے، گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے تیار ہیںجبکہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہےاور ہم خطے میں امن کے لئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔