کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کئی اولمپئن کی جانب سے تنقید کی زد میں ہے۔ جبکہ بعض سابق کھلاڑیوں کا خیال ہے کہ موجودہ فیڈریشن اب بھی پاکستان ہاکی کو بلندیوں کی جانب لے جارہی ہے۔ ہفتے کو کئی سابق کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کے حق میں کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرڈالی اور ساتھیوں کو مشورہ دیا کہ پاکستانی ٹیم کو ایشین گیمز میں شرکت کرنے دیں اس کے بعد جتنی تنقید کرنی ہے کریں،کھلاڑیوں کا حوصلہ نہ گرائیں۔کراچی پريس کلب ميں بلائی گئی ہنگامی پر يس کانفرنس سے جس کی سربراہی سابق کپتان ناصر علی نے کی ان کے ہمراہ اولمپک گولڈ ميڈلسٹ سليم شيروانی، صفدر عباس ، اولمپئن ناصر احمد ، اولمپئن انیس احمد ، انٹرنیشنل جان محمد ، ممتاز حيدر ، سابق کپتان کاشف جواد ، مبشر مختار و لطافت حسین شاہ موجود تھے۔سابق قومی کپتان ناصر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹيم درست سمت ميں گامزن ہے ، کامن ويلتھ گيمز ميں ناقابل شکست رہنے والی ٹيم کو ايشين چيمپئن بننے کيلئے فيورٹ قرار ديا جارہا ہے نازک صورتحال ميں ٹیم یا فيڈريشن پر تنقيد کرنے کےبجائے انہيں سپورٹ کرنا چاہئے قومی ٹيم آئندہ ہفتے انڈونیشيا جائے گی جہاں اسے ايشين گيمز ميں شرکت کرنا ہے ايسے میں ٹیم یا فیڈريشن پر تنقيد کرکے ان کے فوکس کو خراب کيا جائے گا جس کا براہ راست اثر کھيل پر پڑے گا اور اس بلا وجہ کی تنقيد سے کہيں ہمارے ہاتھ سے ايشين چيمپئن بن کر اولمپيک کواليفائی کرنے کا سنہری موقع ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈيلی کے معاملےميں کھلاڑيوں کی پريشانی کو فيڈريشن کے سربراہ بريگيڈيئر خالد سجاد کھوکھر نے فوری طور پر دور کرنے کی يقين دہانی کروائی جو خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فيڈریشن کے سربراہ بريگيڈيئر خالد سجاد کھوکھر اور سيکريٹری شہباز احمد نے کوششيں کرکے دنيا کا ٹاپ کوچ رولنٹ اونٹمنٹ کی خدمات ليں جس نے پاکستان ٹيم کو مضبوط بنايا ہے اور اب وہ بڑی کاميابی کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق اولمپئنز و کھلاڑی تنقيد کے بجائے ٹيم کی سپورٹ کيلئے ہماری طرح سامنے آئيں۔ ناصر علی نے واضح کيا کہ وہ نيوٹرل حيثيت سے کھيل کی بہتری کيلئے ميدان ميں آئے ہيں ، اولمپک ميڈلسٹ سليم شيروانی کا کہنا تھا کہ کامن ويلتھ گيمز ميں ناقابل شکست رہنے سميت چيمپئنز ٹرافی ميں اولمپک چيمپئن ارجنٹينا کو ہرانے والی ٹيم اس وقت بہترين فارم ميں ہے اور يہ ٹيم ايشين چيمپئن بننے کيلئے بھی فيورٹ ہے اسے سپورٹ کرکے ان کا مورال بلند کرنا چاہيے، اولمپئن صفدر عباس کا کہنا تھا کہ قومی کھيل کا کھويا ہوا وقار پھر سے واپس حاصل کرنے کيلئے ايشين چيمپئن بننا اہم سنگ ميل ثابت ہوگا اس موقع پر ٹيم کي حوصلہ افزائی کيلئے ان اولمپئنز کو بھی ٹيم کو سپورٹ کرنا چاہئے جو بلا وجہ ٹيم يا فيڈریشن پر تنقيد کرتے رہتے ہيں۔ سابق انٹرنيشنل اسٹار جان محمد نے کہا کہ ہم ملک بھر ميں اولمپئنز و انٹرنيشنل کھلاڑيوں کے رابطے ميں ہيں جو سب کے سب قومی ٹيم کی سپورٹ کيلئے ہمارے ساتھ آواز سے آواز ملارہے ہیں۔