• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کاالمناک حادثہ، 18 مسافر جاں بحق، 28 زخمی

کوہاٹ(نمائندہ جنگ) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں 18 مسافر جاں بحق اور 28افراد زخمی ہوگئے۔تحصیل لاچی کے قریب بونیر سے کراچی جانے والی مسافر بس خطرناک موڑکاٹتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والےخام تیل سے بھرے آئل ٹینکرسےٹکراگئی،حادثہ کوہاٹ انڈس ہائی پر تحصیل لاچی کے قریب سوات بونیر سے کراچی جانے والی مسافر بس کامخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ۔جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کا تعلق بونیر،شانگلہ اور مردان سے ہے جن میں خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔لاشوں اور زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر گاڑی سے نکالا گیا ۔لاشوں اور زخمیوں کو کوہاٹ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جبکہ حادثے کا مقدمہ تھانہ لاچی میں درج کرلیا گیا ہے۔ہفتہ کے روز بونیر سے کراچی جانیوالی مسافر ڈائیو بس نمبر پشاور PA-3861 کو ہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے سامنے سے آنیوالے خام تیل سے بھری آئل ٹینکر نمبر PLZ-170سے ٹکرا گئی ۔حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد سڑک کے کنارے کھڈے میں الٹ گئی جسکے نتیجے میں بس میں سوار 18 مسافر جاں بحق اور 28زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونیوالوں شانگلہ اور بونیر سے تعلق رکھنے والوںمیں مسماۃ کلثوم بی بی ،وجاہت بی بی،ذولقعدہ،مسماۃسباح نور،شیرین زمان،دل رام،اسامہ،نعمان حبیب،صاحب زاد،جان محمد،بخت شیر،گل حکیم،فرمان علی اور دیگر شامل ہیں جبکہ حادثے میں زخمی تمام ستائیس افرادمسماۃ بطور امین ،مسماۃ نازیہ بی بی،سمیع اللہ،ذاکراللہ،عابد،عبدالمعز،امانت خان،سید حذیفہ شاہ، خائستہ رحمان،اعجاز اللہ،ابراہیم،محمد خان،نصیب عمر،مقصود علی،صاحب روسید،حنیف شاہ،معاذ خان،افتخار،سیف الاسلام، نذیر خان،ذاکر،حبیب الرحمان،ولی شاہ،عمیر اور کشمالی خان کا تعلق بھی بونیر،شانگلہ اور مردان سے ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور بس کی باڈی کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر کوہاٹ کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔حادثے میں شدید زخمی ہونیوالے بعض افراد کی حالت تاحال تشویشناک ہے جن ہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔جان بحق ہونے والے دیگر افراد کے بارے میں تاحال کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں کہ اُن کا تعلق کس علاقے سے تھا۔تاہم معلومات کرنے پر اُن کی لاشیں اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی جائیں گی۔ ادھر حادثے کا مقدمہ تھانہ لاچی میں درج کرتے ہوئے پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
تازہ ترین