• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کےمسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کرینگے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق سلب کررکھے ہیں، چیف جسٹس آزادکشمیر

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)ایکٹ74میں کشمیریوں کو مزید حقوق اور اختیارات ملنے سے تحریک آزادی کشمیر پر نہ صرف دوررس اثرات مرتب ہوں گے بلکہ عالمی سطح پر ایک مثبت اور جامع پیغام جائے گا کہ پاکستان کی طرف سے ریاست کشمیر کو اختیارات سمیت مالی خودمختاری دی جارہی ہے اور بھارت کے زیر کنٹرول مقبوضہ کشمیر شہریوں کو میں بنیادی انسانی حقوق سلب اور مزید فوجی گشت بڑھا کر سنگینوں کے سائے تلے جبراً زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے چیف جسٹس ابراہیم ضیا اور میرپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر چوہدری اعجاز رضا نے برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیت میاں مقبول احمد خان کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس قونصلر جنرل برمنگھم میاں عظمت فاروق، نذیر اعوان، کونسلر چوہدری افضل خان، چوہدری اکبر، چوہدری شبیر کھٹاریہ، سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای، سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ، چوہدری جاوید، ماجد الرحمن، پروفیسر محمد رضا، کونسلر عبدالرشید جے پی، سابق کونسلر عنصر علی خان، بیرسٹر تنویر چوہدری، حاجی محمد خالد، چوہدری منظور حسین گافا، مفتی فضل احمد قادری، اشتیاق خان سمیت دیگر کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ مفتی فضل احمد کی تلاوت کلام پاکسے عشائیہ کا آغاز کیا گیا۔ میاں مقبول احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس عشائیہ میں میں پروفیسر محمود رضا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ابراہیم ضیا نے کہا کہ اس وقت سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں کوئی بھی مقدمہ زیر التوا نہیں ہے، بالخصوص اوورسیز کمیونٹی کو آزاد کشمیر میں درپیش مسائل پر ہمیں تفصیلاً بتایا جائے، ہم نے عدالتی سال2018ء میں عدالتی اصلاحات میں اوورسیز سمیت سینئر شہریوں، بچوں کے کیسز کے حوالے سے خصوصی ترجیحات رکھی ہیں تاکہ انہیں تیزی سے حل کیا جائے، میں آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے ججز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مقدمات کو نمٹانے کے لیے اپنی گرمیوں کی تعطیلات قربان کردیں اور خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے مقدمات کے فیصلے دئیے اگر چھوٹی عدالتوں میں کوئی شکایات ہیں تو سامنے لائی جائیں حل کی جائیں گی۔ اوورسیز کمیونٹی ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، یہ لوگ ملک کو زرمبادلہ بھیجتے ہیں،انہیں درپیش مسائل ہر دور میں ترجیحی بنیادوں پر حل کیے گئے ہیں، ایم ڈی اے کے چیئرمین چوہدری اعجاز رضا نے کہا کہ میں اوورسیز کمیونٹی کی جائیدادوں کے مسائل سے آگاہ ہوں، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے میری تعیناتی پر دو باتیں واضح کی تھیں کہMDAکو کرپشن فری بنانا ہے اور اوورسیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ہیں۔ راجہ فاروق حیدر خان کی ہدایات کی روشنی میں ہم نے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اوورسیز ڈیسک قائم کی ہے، اس میں جو بھی اوورسیز کا کیس آتا ہے ہم اس کی آنے اور جانے کی ٹکٹ کی تاریخ اور پاسپورٹ کی کاپی کے ریکارڈ کے مطابق نگرانی کرتے ہوئے اس عرصہ میں مکمل کرتے ہیں یا پھر تاخیر کی صورت میں حل کرکے انہیں اطلاع کی جاتی ہے۔ او پی ایف گزشتہ28برس سے تاخیر کا شکار تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ذاتی دلچسپی سے ہم نےIMOسائن کیا اور اس کو جنگی بنیادوں پر آئندہ دو سال تک متحرک کریں گے۔ اوورسیز کے ساتھ جو وعدے کیے بالخصوص برطانیہ سے اوورسیز کمشنر برائے آزاد کشمیر کا اسمبلی سے بل پاس ہوچکا ہےاور جلد تعیناتی عمل میں لاکر اوورسیز سے کیا جانے والا ایک اور وعدہ پورا کریں گے۔ وائس قونصلر میاں عظمت فاروق نے کہا کہ برمنگھم برطانیہ کا دوسرا بڑا شہر ہے، یہاں پر بڑی تعداد میں ہماری کمیونٹی آباد ہے، ہم نے ترجیحی بنیادوں پر کمیونٹی کے مسائل حل کئے ہیں، نادرا کارڈ، پاسپورٹ، ویزا سے متعلق دستاویزات کا کام فوری کردیا جاتا ہے۔ میزبان میاں مقبول احمد خان نے تمام شرکا سے اظہار تشکر کیا اور بالخصوص چیف جسٹس ابراہیم ضیا اور چیئرمینMDAچوہدری اعجاز رضا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی تعطیلات میں سے وقت نکال کر کمیونٹی کے درمیان موجود ہیں اور کمیونٹی کو درپیش مسائل سنے۔

تازہ ترین