وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے صدر صابر گل نے کشمیر کے شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان میں تعلیمی اداروں پر حملے، قومی املاک کو نذر آتش کرنے جیسےسنگین واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ تعلیمی اداروں پر حملے اور انسانی جانوں سے کھیلنا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ صابر گل نے کہا کہجب تک افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا نہیں ہوتا، بھارت، امریکہ، افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں کشمیر و پاکستان کے اندر دہشت گردی بند نہیں کرینگے، پاکستان میں نئی حکومت کے آتے ہی غیر ملکی قوتوں نے دہشت گردی شروع کردی ہے۔ صابر گل نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ سے مطالبہ کرے کہ وہ افغانستان سے اپنی افواج نکالے اور افغانستان میں قیام امن کیلئے ضروری ہے امریکہ مسئلہ کشمیر حل کرنے پر بھارت پر دبائو ڈالے۔