لاہور (خبر نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ بار کے سینئر رکن راجہ عبدالرحمٰن نے کہا ہے کہ نئی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت سابقہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق ہی کریں گے جو نو منتخب ارکان قومی اسمبلی سے حلف لیں گے ۔اس کے بعد قومی اسمبلی کے نئے سپیکراور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا ،جونہی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب مکمل ہو گا اور وہ حلف اٹھا لیں گے تو ایاز صادق سپیکر کی کرسی سے ا تر جائیں گے اور نیا سپیکر ایوان سنبھالے گا ،جس کے بعد ائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا ۔اس کے لئے رولز آف بزنس کے تحت خفیہ رائے شماری نہیں ہو گی بلکہ ارکان اسمبلی کی ڈویژن ہو گی اور شو آف ہینڈز کے ذریعے قائد ایوان کا انتخاب ہو گا اور پھر وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد اپنی کابینہ تشکیل دیں گے یہ سارا عمل انتخابات مکمل ہونے کے 21روز کے اندر ہونا آئینی تقاضہ ہے۔