• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر روہڑی اور گرد نواح میں شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی اور گرد ونواح کے علاقوں میں شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے، سورج دن بھر آگ برساتا رہا، شہریوں نے دوپہر کے وقت کام کاج سے گریز کیا، شاہراہوں پر ٹریفک اور بازاروں میں خریداروں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گرد و نواح کے علاقوں کو گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، بالخصوص دوپہر کے وقت سورج کی تیز شعاؤں کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے، صبح سے لیکر شام گئے تک سورج آگ برساتا رہا اور گرم ہوائیں چلتی رہی، گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہریوں کی اکثریت نے دوپہر کے وقت گھروں پر آرام کرنے کو ترجیح دی، غیر ضروری کام کاج کرنے سے گریز کیا جبکہ لوگ اپنے کام کاج نمٹانے کے لئے سورج کے ڈھلنے کا انتظار کرتے رہے۔ گرمی کے باعث اہم ترین کاروباری علاقے منارہ روڈ، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، ورکشاپ روڈ، بندر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، بیراج روڈ ودیگر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد بھی گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آتے ہیں، لوگ پارکوں میں درختوں کی چھاؤں و دیگر سایہ دار مقامات پر بیٹھ کر آرام بھی کررہے ہیں، ٹریفک کی روانی بھی معمول سے انتہائی کم ہے، شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں بیرون شہر سفر کرنیوالے ادویات ساز کمپنی کے نمائندوں سمیت دیگر کاروباری حضرات کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ڈاکٹرز نے گرمی سے بچنے کے لئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی ہیں اور مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی بالخصوص دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری کام کاج سے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا، اگر نکلنا بہت زیادہ ضروری ہے تو پھر دھوپ سے بچنے کے لئے سر کو کپڑے سے ڈھانپ کر نکلیں۔
تازہ ترین