اسلام آباد (نمائندہ جنگ)این آر او کیس میں سپریم کورٹ نے مشرف، زرداری، ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں، چیف جسٹس نے کہا کہ معاملہ عوامی شخصیات سے متعلق ہے، اپنا دائرہ اختیار بڑھا رہے ہیں، چاہتے ہیں وہ عوام کے سامنے سرخرو ہوں، تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نےʼʼ پرویز مشرف کے دور میں ان کی جانب سے قومی مصالحتی آڑڈیننس ( این آر او ) کے اجراء اور اس کی وجہ مبینہ طور پر قومی خزانے کو پہنچنے والے اربوں روپےکے نقصان ʼʼ سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کے دوران سابق صد ر آصف علی زرداری ،پرویز مشرف اور اس وقت کے اٹارنی جنرل ملک قیوم اور ان کی بیوی بچوں کے ملکی و غیرملکی اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میںجسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس اعجاز الا حسن پر مشتمل بینچ نے منگل کے روز این آر او کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ پرویزمشرف، ملک قیوم اور آصف زرداری کے جوابات آچکے ہیں لیکن انہوں نے اپنے جوابا ت میں اپنی اور اپنے بیوی بچوں کی بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات بیان نہیں کی ہیں ،جس پر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ ا ن کے موکل نے بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک جائیداد کی تفصیل کیوں نہیں دی ہیں؟ تینوں مسول علیہان بتائیں کہ ان کی اندرون ملک اور بیرون ملک کون کونسی جائیدادیں اور بنک اکاو نٹس ہیں، آپ کے موکلین سیاسی شخصیات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ تفصیلات بیان کرکے قوم کے سامنے سرخرو ہوں، جس پر فاروق نائیک نے کہا کہ یہ کیس تو صرف این آر او سے متعلق ہے۔