• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ڈزنی لینڈ کی تعمیر و تاریخ 

مکی ماؤس یا والٹ ڈزنی کو کون نہیں جانتا اور اس کے مشہورزمانہ ڈزنی لینڈ کو بھی! اب توکئی ممالک میں ڈزنی لینڈ کھل چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہےکہ 1955ء میںکھلنے والے پہلے ڈزنی لینڈ کا اصل نقشہ گزشتہ برس کیلیفورنیا میں ایک نیلامی کے دوران سات لاکھ آٹھ ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔ اس نقشے کو والٹ ڈزنی نے فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے فروخت کیا تھا کیونکہ اس کے اپنے ہی اسٹوڈیو نے فنڈنگ دینے سے انکار کردیا۔ ہاتھ سے بنے اس نقشے کو دو دنوں میں ڈزنی اور مصور ہرب ریمن کی مدد سے بنایا گیا تھا۔یہ ڈزنی لینڈ کا سب سے مہنگا فروخت ہونے والا نقشہ ہے۔والٹ ڈزنی کے بھائی رائے نے1953ء میں امریکن براڈکاسٹنگ کوآپریشن سے ملنے کے لیے یہ نقشہ حاصل کیا تھا۔ اس نقشے کے مطابق پہلا ڈزنی لینڈ ریزورٹ کیلیفورنیا میں سو ایکڑ کار پارکنگ پر تعمیر کیا گیا تھا۔

ڈزنی لینڈ کی تاریخ یہ ہے کہ والٹ ڈزنی اکثر اپنے بچوں کے ساتھ سیر کے لیے جایا کرتا تھا، زیادہ تر سیر گاہیں بڑوں کے لیے ہوتی تھیں اور بچوں کے لیے ان میں برائے نام چند ہی چیزیں تفریح کے لئے ہوتی تھیں جبکہ جو جگہیں بچوں کے لیے مخصوص ہوتی تھیں وہاں جاکربڑے بور ہو جایا کرتے تھے۔ اس لیے والٹ ڈزنی نے سوچا کہ اسے کوئی ایسا پارک تعمیر کرنا چاہیے جہاں بچے اور بڑے یکساں طور پر لطف اندوز ہو سکیں۔ یہی سوچ کر اس نے1953ءمیں امریکا کی مشہور ریاست کیلیفورنیا کے شہرہ آفاق شہر لاس اینجلس کے گرد و نواح میں160ایکڑ اراضی خریدی اور اس پر ایسا پارک تعمیر کروایا جہاں بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی بچوں کی طرح ہی لطف اندوز ہونے لگے، آہستہ آہستہ یہ پوری دنیا کا سب سے زیادہ مشہور پارک بن گیا اور لوگ خاص طور پر ڈزنی لینڈپارک کی سیر کے لیے امریکا جانےلگے۔جب اس پارک کو لوگوں کے لیے کھولا گیا تو پہلے سال ہی10لاکھ سیاحوں نے اس پارک کی سیر کی، جودیکھتے ہی دیکھتے ہر سال دگنی ہوتی گئی۔

ڈزنی لینڈ کی تعمیر و تاریخ 

ڈزنی لینڈ کی شہرت کے بعد والٹ نے سوچا کہ اب اسے اسی طرز کا دوسرا پارک امریکا کے دوسرے حصے میں تعمیر کرنا چاہیے تاکہ یہاں آنے والے افرادرش محسوس کرنے کے بجائے اس سے اچھی طرح لُطف اندوزہو سکیں اور امریکی معیشت میں بھی یہ مثبت طور پراثر انداز ہو۔ تقریباً دس سال بعد جب پہلے ڈزنی لینڈ میں سیاحوں کی تعداد 65لاکھ تک پہنچ گئی تو اس نے امریکی ریاست فلوریڈا میں اپنے دوسرے ڈزنی لینڈ پارک کا افتتاح کیا۔ آج ڈزنی لینڈ امریکاکے علاوہ دیگرممالک جیسے جاپان ( ٹوکیو)، فرانس ( پیرس ) اور چین ( ہانگ کانگ اور شنگھائی) میں بھی موجود ہے۔

اس وقت ڈزنی لینڈ کے تمام پارکس کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے پارکس میں ہوتا ہے صرف امریکا کے دونوں ڈزنی لینڈ پارکس کو سالانہ3کروڑ سے زائد سیاح دیکھنے کے لئے آتے ہیں جبکہ جاپان اور فرانس میں بھی ڈیڑ ھ کروڑ کے قریب سیاح فی پارک سالانہ وزٹ کے لیے آتے ہیں۔ جب والٹ ڈزنی نے کیلیفورنیا کے شہر ایناہائیم میں اپنے پہلے ڈزنی لینڈپارک کا آغاز کیا تو اس وقت شہر میں صرف7ہوٹل تھے جن کے کمرے کل ملا کر87بنتے تھے اور کھانے کے لیے صرف34ریستوران تھے۔ آج اس شہر میں ڈیڑھ سو سے زائد ہو ٹل ہیں، جن کے اٹھارہ ہزار سے زائد کمرے ہیں اور تقریباً500کے قریب ریستوران موجود ہیں یعنی ایک شخص کی سوچ نے کس طرح پورے شہر کی معیشت تبدیل کر کےکےر کھ دی ۔

60 سال پہلے اس پارک کی تعمیرپر17ملین ڈالر خرچ ہوئے۔ اس کی تعمیر میں2500مزدوروں نے والٹ ڈزنی کے20برس پہلے دیکھے گئے خواب کو جلدہی تعبیر دے دی۔ آٹھ تھیم لینڈز پر مشتمل اس پارک میں کئی بیک اسٹیج علاقے ہیں اور تقریباََ85ایکڑ علاقے کو گھیر رکھاہے۔پارک تعمیر ہونے کے بعد 22ہزار آفیشلز، اسکالرز اور اداکاروں کو افتتاح میں مدعو کیا گیا تھا۔

ایک انداز ے کے مطابق ہر سال ڈزنی لینڈ سے کوڑا کرکٹ کی مد میں40 لاکھ پاؤنڈز گتہ،13 لاکھ پاؤنڈز سبزہ،4 لاکھ پاؤنڈز کاغذ،4 لاکھ پاؤنڈز شیشہ،3لاکھ پاؤنڈز پلاسٹک اور17ہزار پاؤنڈز المونیم ری سائیکل کیاجاتا ہے۔ ڈزنی لینڈ پارک میں کام کرنے والے ہر ملازم کے بیج لگا ہوتا ہے جس پر اس کا نام لکھا ہوتا ہے تاکہ غیر ضروری لوگ انتظامیہ کے کاموں میں مداخلت نہ کر سکیں اور انتظامیہ چاق و چوبند ہو کر تمام سیاحوں کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داری بھر پورطریقے سے ادا کرے۔ دنیا کی سب سے مشہور مشروبات کی کمپنی اپنی تشہیر کے لئے اس پارک میں مفت سوڈا فراہم کرتی ہے۔ ایک وقت تھا جب امریکا کے مشہور نیوز چینل ABC نے ڈزنی لینڈ کی شہرت کو دیکھتے ہوئے اس کے شیئرز خریدے تھے ، مگر آج نہ صرف ڈزنی لینڈ کمپنی خود اے بی سی نیو ز چینل کی مالک ہے بلکہ اس کا شمار نشریاتی اداروں کی فہرست میں دنیا میں دوسرے نمبر پر ہوتا ہے۔ آج ڈزنی لینڈ پارک کی سیر دنیا بھر کے بچوں کی سب سے بڑی خواہش گردانی جاتی ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین