بگ بیش لیگ کے دوران ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے اسٹینڈ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے ایک اسٹینڈ مخصوص کیا جائے گا، ایم سی جی میں مخصوص اسٹینڈ کو ہاؤس آف رؤف کا نام دیا جائے گا۔
میلبرن اسٹارز کے میچز کے دوران پاکستانیوں سمیت ساؤتھ ایشین فینز کی دلچسپی کے لیے اسٹینڈ بنایا جائے گا، گزشتہ سیزن میں بھی ایم سی جی پاکستان اسٹینڈ بنایا گیا تھا۔
جی ایم میلبرن اسٹارز میکس ایبٹ کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف رؤف بنانے کا مقصد پاکستانی شائقین کی توجہ حاصل کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی فینز آئیں اور ہمارے میچز میں لطف اندوز ہوں، اپنی ثقافت کو اجاگر کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ حارث رؤف میلبرن اسٹارز کے زبردست ایمبیسیڈر ہیں، ہم منتظر ہیں کہ پاکستان کا پرجوش کراؤڈ آئے اور میلبرن اسٹارز کو سپورٹ کرے۔
میکس ایبٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے لیے آنے والے پاکستانی فینز کی وجہ سے ایم سی جی میں دلکش ماحول پیدا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ساؤتھ ایشین کرکٹرز اور کمیونٹی کے لیے اقدامات کرنا کرکٹ آسٹریلیا کے ملٹی کلچرل ایکشن پلان کا حصہ ہے۔