• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک گھر کے 3 افراد کے بنکاک جانے پر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کو شوکاز نوٹس جاری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن (پی بی بی ایف) کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

شوکاز نوٹس میں باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور کو 3 روز میں جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ایک ہی گھر کے 3 افراد کے بنکاک جانے پر فیڈریشن کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

فیڈریشن کے سیکریٹری اپنی اہلیہ اور بیٹی کو بطور آفیشل ایشین چیمپئن شپ کے لیے بنکاک لے کر گئے۔

پی ایس بی کے شوکاز نوٹس کے مطابق فیڈریشن کے سیکریٹری نے اپنی فیملی کو لے کر جانے سے جانبداری کامظاہرہ کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سہیل انور کی اہلیہ باڈی بلڈنگ جج اور بیٹی ٹیسٹ جج بن کر گئیں۔

پی ایس بی کے مطابق باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری خود ہیڈ کوچ اور منیجر بن کر گئے، پاکستان ٹیم کے ہمراہ 4 آفیشلز گئے جن میں سے 3 کا تعلق ایک ہی گھر سے تھا۔

دوسری جانب باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور نے نوٹس ملنے کی تصدیق کر دی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایشین چیمپئن شپ میں ٹیم اپنے اخراجات پر بنکاک گئی، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین چیمپئن شپ کے لیے کوئی فنڈ نہیں دیا۔

سہیل انور نے کہا ہے کہ میری اہلیہ پاکستان کی واحد اور پہلی لائسنس یافتہ جج ہیں، میری بیٹی ٹیسٹ جج کے طور پر اپنے اخراجات پر بنکاک گئی۔

سیکریٹری باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس بی کے نوٹس کا جواب تیار کر رہا ہوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید