• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات بحال کرنے ہوں گے،عمران خان

اسلام آباد(اے پی پی‘آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات بحال کرنے ہوں گے اور مذاکرات کے ذریعے ہی تنازعات کا حل نکالا جا سکتا ہے ‘ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نےچیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائشگاہ بنی گالہ میں ملاقات کی اور انھیں عام انتخابات2018میں ان کی جماعت کی کامیابی پر مبارکباد دی اوربھارتی وزیراعظم مودی کی طرف سے دوستی کا پیغام پہنچایا‘اس موقع پر اجے بساریہ نے نامزد وزیرا عظم کو بھارتی کھلاڑیوں کے دستخطوں والا بلا بھی پیش کیا ۔ تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ”خان صاحب نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کے دوبارہ آغازکی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا،انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

تازہ ترین