• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، مریم، صفدر کی سزائوں کے خلاف سماعت کرنے والا بنچ پھر تبدیل

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) موسم گرما کی تعطیلات کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرنیوالا بنچ تبدیل کر دیا گیا۔ بنچ کے سربراہ جسٹس عامرفاروق موسم گرما کی تعطیلات کے باعث رخصت پر چلے گئے جس پر رجسٹرار آفس نے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ پیر کو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی بھی موسم گرما کی تعطیلات کے باعث رخصت پر چلے گئے تھے۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کرنے والا یہ تیسرا بنچ ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو دستیابی کے باوجود اس مرتبہ بھی ڈویژن بنچ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی آئندہ عدالتی ہفتے میں سنگل بنچ میں مقدمات کی سماعت جاری رکھیں گے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بنچ کی تبدیلی معمول کی بات ہے کیونکہ موسم گرما کی تعطیلات میں ججز کا روسٹر پہلے سے طے شدہ ہے، ججز کی تعطیلات کے باعث دستیاب ڈویژن بنچ ہی درخواستوں کی سماعت کر سکتا ہے۔

تازہ ترین