لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی سے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے بنچ کے رکن اور سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس نذر اکبر 13 اگست کو ملاقات کریں گے۔ ملاقات چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے چیمبر میں ہو گی جس میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے ٹرائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خصوصی عدالت جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کے الزامات میں مقدمہ پر 20 اگست سے سماعت کرے گی۔ خصوصی عدالت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی کی سربراہی میں قائم ہے اور بلوچستان ہائیکورٹ کی سینئر ترین جج جسٹس طاہرہ صفدر بھی اس کی رکن ہیں۔