• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پلکیں کیسے خوبصورت بنائیں؟

سجنا، سنورنا اور اچھا دِکھنا ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے۔ لمبی، گھنی، خوبصورت پلکیں اور بھنویں آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔ ویسے بھی آج کل گھنی بھنووں کا فیشن ہے۔ اگر آپ کی بھنویں پتلی ہیں اور بالوں کے بڑھنے کی رفتار سست ہے تو آپ کو چاہیے کہ آپ ایسی خوراک استعمال کریں جس میں قدرتی طور پر سیلینیم موجود ہو۔ اس کے علاوہ زیتون کا تیل، کلونجی کا تیل ، کیسٹر آئل اور سرمہ ہم وزن لے کر اچھی طرح مکس کرکے ایلو ویرا جیل میں ملا کر بھنوؤں اور پلکوں پر لگانا بھی کافی فائدے مند ہے۔ آئیے مزید جانتے ہیں کہ آپ اپنی پلکوں کو کیسے لمبا، گھنا اور خوبصورت دِکھا سکتی ہیں۔

آئی لیش کرلر،کب اور کیوں؟

خواتین کے لیے آئی لیش کرلر، پلکوں کو لمبا کرنے اور آنکھوں کو کشادہ دکھائی دینے کا تاثر دیتے ہیں۔ صاف پلکوں پر مسکارا لگانے سے پہلے انھیں کرل کریں، اس لیے کہ کرلر خشک مسکارا میں چپک جائے گا اور جب آپ اسے ہٹانا چاہیں گی تو پلکیں اکھڑ جائیں گی۔ اب بات یہ آتی ہے کہ کرلر کیوں استعمال کریں؟ آنکھوں کے ڈھیلوں پر پلکیں گر رہی ہوں، تو اس سے آنکھوں پر سایہ آجاتا ہے اور آنکھیں چھوٹی دکھائی دیتی ہیں۔ کرلر استعمال کرنے سے نہ صرف پلکیں بلکہ آنکھیں بھی بڑی دکھائی دیتی ہیں۔

گھنی پلکیں

مسکارا لگانے سے پہلے اپنی پلکوں کے اُوپر اور نیچے ( ٹاپ سائیڈ اور انڈر سائیڈ) بے بی پاؤڈر یا فیس پاؤڈر تھپتھپا کر لگائیں، تاکہ پلکیں گھنی اور بھری بھری دکھائی دیں۔

اوپری پلکوں پر مسکارا لگانا

مسکارا لگاتے ہوئے قمیچی کو ساکت نہ رکھیں، اسے اپنی پلکوں کی دونوں جانب اوپر اور نیچے جڑ سے نوک کی جانب رول کرتی رہیں۔ اس رولنگ ایکشن سے مسکارا کو پلکوں پر برابر سے لگنے اور چپکنے سے بچاؤ کا موقع میسر آجائے گا، اس عمل کو دو یا تین بار دہرائیں ، لیکن ہر کوٹ کے درمیان اسے خشک ہونے کا موقع دیں۔

آپ اپنی مسکارا کی اسٹک کی نوک کو مسکارا کی اضافی مقدار سے بچاؤ کے لیے بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ ٹاپ سائیڈ پر مسکارا لگانے کے لیے آئینہ ایک میز پر رکھ لیں تا کہ آپ کی آنکھیں آدھی بند ہو جائیں اورآپ نیچے دیکھتی رہیں، پلکوں کی انڈر سائیڈ ( نیچے کے حصے) کے لیے اپنے سر کو نیچے کی طرف جھکا لیں۔

مسکارے کے رنگ

براؤن اور بلیک مسکارا آپ کی پلکوں کو گھنا اور بھاری بنا تے ہوئے آپ کی آنکھوں کے لیے فریم سا تخلیق کردیتا ہے جبکہ پرل، بلو اور گرین شیڈز پلکوں کواتنا گھنا نہیں دِکھاتے بلکہ پلکیں مصنوعی لگتی ہیں۔ اگر آپ کو رنگین مسکارا پسند ہے تو پہلے ان کلرز کو اپلائی کریں، اس کے بعد براؤن یا بلیک مسکارا پلکوں کی نوک( ٹپس) پر لگائیں۔

نچلی پلکوں پر مسکارا لگانا

مسکارے کی ڈنڈی کو سیدھا ( عمودی) رکھیں اور ایک مرتبہ میں صرف ایک پلک کو مسکارا لگانے کیلئے اس کی نوک استعمال کریں، ٹشو کے ایک ٹکڑے کو انگلی میںلپیٹ لیں اور اسے اپنی نچلی پلکوں کے نیچے مسکارا لگاتے وقت رکھ دیں، اگر آپ کا مسکارا خشک ہو گیا ہے تو اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے کیلئے اسکرونائٹ کیس (مسکارا کے) پر گرم پانی بہائیں، گرمی سے مسکارا دوبارہ اپنی اصلی ہئیت میں آسکتا ہے، یا پھر گلیسرین کا ایک قطرہ شامل کرتی جائیں، پھر کافی ہلانے والی پلاسٹک کی پتلی سی ڈنڈی سے اسے مکس کرلیں۔

آنکھوں کی لائننگ

آئی لائننگ کی تیکنیک کے لیے ہنر مندی ضروری ہے، لیکن ایک مرتبہ جب آپ یہ جان لیں گی کہ اس کے آلات کوکس طریقے سے استعمال کرنا ہے تو آپ پھر حیران رہ جائیں گی کہ کتنی آسانی سے آپ ایک سیدھی اور باریک سی لکیر اپنی آنکھوں کے حلقے کے گرد تخلیق کرسکتی ہیں۔

آئی پنسل کی جانچ

اگرچہ لپ لائن پنسلوں کو قدرے سخت ہونا چاہیے، لیکن کوئی بھی پنسل جو آپ آنکھ کے نازک حصے میں استعمال کرنا چاہتی ہیں، اسے اتنا نرم ضرور ہونا چاہیے کہ آپ کی جلد پر بآسانی پھیل سکے۔ اگر آپ کو پپوٹوں کے اوپر پنسل کو کھینچنا اور رگڑنا پڑے تو وہاں جھریاں سی پڑ جائیں گی، اس کا تجربہ کرنے کے لیے پنسل کی نوک کو اپنی شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کی نرم وملائم جلد کے درمیان ہلکا سا دبالیں، اگر آپ کے بغیر کھینچے پنسل کی نوک انگلی اور انگوٹھے کے درمیان پھسل جاتی ہے تو پھر یہ آپ کی آنکھوں کے پپوٹوں پر بھی کارآمد ثابت ہوگی۔

تازہ ترین