• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک، 14 زخمی، متعدد گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں تباہ

چمن(نمائندہ جنگ) مال روڈ پر موٹرسائیکل بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئےپولیس کے مطابق دھماکہ اتوار کی شام زیر تعمیر ڈی پی او آفس کے قریب اس وقت ہوا جب سیکورٹی فورسز کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جونہی سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی وہاں پہنچی تو نامعلوم دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کر دیا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں آگ لگ گئی دھماکے میں کوئٹہ کا رہائشی کامران نامی شخص ہلاک اور دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جبکہ فائربریگیڈ نے موقع پرپہنچ کر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں لگی آگ بجھا ئی ۔دھماکے میں سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی سمیت ایک درجن سے زائد گاڑیاں درجنوں موٹرسائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ جبکہ قریبی عمارتوں بنک اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا دھماکے کے بعد کمانڈنٹ چمن اسکاوٹس کرنل محمدعثمان پولیس لیویز آفسران اور بم ڈسپوزل اسکوڈ موقع پر پہنچے جہاں انہوں نے شواہد اکھٹے کئے۔ بی ڈی ایس کے مطابق موٹرسائیکل میں چار سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا ۔ دھماکے میں شہید کامران نامی شخص کوئٹہ سے بچوں کے ہمراہ گھومنے آ یا تھا۔ اس کے دو بچے بھی معمولی زخمی ہوئے۔دھماکے کے بعدسیکورٹی فورسزنے متعددافرادکوحراست میں لے لیا ۔درایں اثناء جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی نےچمن دھماکہ کی بھرپومذمت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین انتظامات فراھم کرنے کو کہا ہے ۔انھوں نےکہا کہ دہشتگر د پوری قوم کے مجرم ہیں۔ انھیں گرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔ اللہ تعالی زخمیوں کو جلد ازجلد صحتیابی عطاء فرمائیں انہوں نےکہا کہ دہشتگردی کی خاتمہ کیلئے پوری قوم متحدہےاللہ تعالیٰ ملک خداداد پاکستان کو امن کا گہوارا بنائے۔

تازہ ترین