• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ ،زبانی تکرار پر ماموں زاد بھائیوں میں فائرنگ،2خواتین سمیت 6جاں بحق

چارسدہ(نمائندہ جنگ)چارسدہ میں زبانی تکرار پر ماموں زاد بھائیوں نے ایک دوسر ے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے دو خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 4افراد زخمی ہو گئے ۔ علاقہ رجڑ میں ماموں زاد بھائیوں میں گھریلو تنازع پر جرگہ ناکام ہونے پر تکرار ہوگئی ، فریقین نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا، پولیس نے 3ملزموں کو گرفتار کر لیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 3سگے بھائی اور ان کی بھابھی شامل ہے ۔ دوسرے فریق سے میاں بیوی قتل ہو گئے ۔ جان بحق ہونے والوں میں تین مقتولین سیکورٹی فورسز کے اہلکار تھے ۔ چارسدہ کے علاقہ رجڑ میں ماموں زاد بھائیوں کے مابین گھریلو تنازعہ پر زبانی تکرار ہوگئی جس کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر جدید اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں فریق اول سے 3سگے بھائی احمد شاہ ، انور شاہ ، صابر شاہ پسران سیدشاہ اور مقتولین کی بھابھی مسماۃ ناوے گل زوجہ منور شاہ موقع پر جان بحق ہو گئے جبکہ فریق دوم سے قلندر شاہ اور اس کی بیوی گل رخ اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہا ر گئے ۔ واقعہ میں ایک راہ گیر بچے سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتولین میں انور شاہ پاک آرمی ،اس کا بھائی احمد شاہ ائیر فورس جبکہ دوسرے فریق سے قلندر شاہ خاصہ دار فورس میں ملازم تھے ۔ پولیس نے فریق اول سے سید شاہ ولد گل محمد اور فریق دوم سے تاجدار علی ولد جیلانی شاہ کی رپورٹ پر مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔ سٹی پولیس نے تین ملزمان ظاہر جان ، سیدشاہ اور تاجدار علی شاہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی جبکہ ایک ملزم حسن علی شاہ کی گرفتار ی کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فریقین کے مابین گھریلوتنازعہ چل رہا تھا جس میں کئی جرگے بھی ہوئے تھے جو کامیاب نہ ہو سکے ۔گزشتہ رات بھی فریقین کے مابین تنازعہ حل کرنے کیلئے جرگہ منعقد ہوا جو بارآور ثابت نہ ہوسکا ۔واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کئے ۔بعد ازاں پولیس کی سخت سیکورٹی میں مقتولین کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین