• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی پولیس نےجشن آزادی تقریبات کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے13اور14اگست کوجشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کی سکیورٹی کے لیے جامع فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا ۔جشن آزادی کی تقریبات کے دوران امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ سیکیورٹی پروگرام کے تحت راولپنڈی پولیس کے2ہزار کے قریب افسران و اہلکار خصوصی طور پر اپنے فرائض منصبی سر انجام دینگے۔علاوہ ازیں ایلیٹ فورس،اسپ سواران،لیڈیز پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔راولپنڈی ضلع کی بڑی شاہراؤں پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس لگائے جائیں گے۔ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کی جائے گی اور کسی بھی فرد کو بغیر چیکنگ و شناخت راولپنڈی میں داخلے کی اجازت نہ ہوگی۔راولپنڈی کے تمام پارکس اور تفریحی مقامات پرخصوصی طور پر پولیس اہل کار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز،ایلیٹ فورس،محافظ سکواڈ اور ڈولفن فورس کے اہلکار راؤنڈ دی کلاک گشت کریں گے۔ون ویلنگ،آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام تھانوں کی حدود میں موجود ہوٹلوں ، سرائے اور کرایہ داران کی خصوصی طور پرچیکنگ اور کوائف اکٹھے کیے جائیں گے۔مشکوک اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے ڈویژنز میں لگائی گئی ڈیوٹی کی سپرویژن اور مانیٹرنگ کریں گے جبکہ تمام ایس ڈی پی اوز اپنے سرکل میں لگائی گئی ڈیوٹی کو وقتاً فوقتاً چیک کریں گے۔سی پی او راولپنڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام جشن آزادی کی تقریبات میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور ایک مہذب قوم اور محب وطن پاکستانی ہونے ثبوت دیں۔مزید عوام کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا مشکوک شخص کے متعلق فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پولیس ایمر جنسی نمبر15پر اطلاع کریں۔
تازہ ترین