’’اے پروردگار! ہم تجھ سے پاک صاف زندگی اور ایسی ہی عُمدہ موت طلب کرتے ہیں۔ ہمارا لوٹنا ذلّت و رسوائی کا نہ ہو۔اے پروردگار! ہمیں اچانک ہلاک نہ کرنا، نہ اچانک پکڑنا اور نہ ایسا کرنا کہ ہم حق ادا کرنے اور وصیّت کرنے سے بھی رہ جائیں۔پروردگار! ہم تجھ سے، حرام سے اور دوسروں کے سامنے سوال بننے کی فضیحت سے، تمام تر شریر شیاطین، جِن و انس کے شرور اور فتنوں سے بچنے، اور وافر ترین حلال، طیّب رزق کی عطا کی دُعا کرتےہیں۔اے اللہ! ہم تجھ سے پاکیزہ زندگی، نفس کا غنٰی، ہدایت و کام یابی اور دنیا و آخرت کے انجام کی بہتری طلب کرتے ہیں۔ اے ہمارے پروردگار! ہم شکوک و شبہات اور آپس میں نفاق، رَیا، بناوٹ اور دین کے کاموں میں دکھاوے کے عمل سے پناہ چاہتے ہیں۔ اے دِلوں کو پھیرنے والے رب! ہمارے دِل ہدایت کی طرف پھیرنے کے بعد ٹیڑھے نہ کرنا اور ہمیں اپنی طرف سے خاص رحمت عطا فرما۔ بے شک تو سب کچھ عطا کرنے والا (مہربان) رب ہے۔‘‘
(پروفیسر مجیب ظفر انوار حمیدی، کراچی)