کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمشرف رسول سیان نے پی آئی اے کے ملازمین کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کاوشوں کی سے قومی ایئر لائن کے خسارے کو روکنے میں کامیابی ہوئی ہے اور ادارہ خسارے سے نکل کر منافع حاصل کر نے کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے اور جلد ہی پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں اضافہ اور نیٹ ورک وسیع کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں پی آ ئی اے کی چیف ہومن ریسورس آفیسر عاصمہ باجوہ ،ایسوسی ایشن کے صدر عقیل صدیقی ،صفدر انجم اورپیپلز یونٹی سی بی اے کے چیئرمین ہدایت اللہ اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔سی ای او مشرف رسول سیان نے کہا کہ پی آئی اے کی مینجمنٹ کی پالیسیوں کے باعث ایئر لائن کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور ایئر لائن کے خسارے کو روکنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جلد ہی ایئر لائن کو منافع بخش بنائیں گے ،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کی بحالی اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ادارے کے ملازمین کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے ترغیبی اسکیمیں شروع کریں گے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے ملازمین کونقد انعامات اور ایوارڈ بھی دیئے جائیں گے جبکہ ادارے کے کارکنان کی شکایتوں کے ازالے کے لئے خصوصی سیل قائم ئے جائیں گے۔