سکھر( بیورو رپورٹ) جشن آزادی 14 اگست کے موقع پر سکھر، روہڑی سمیت گردونواح کے تمام علاقوں میں امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھنے یا کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا، ڈی آئی جی سکھر رینج آزاد خان کی ہدایت پر سکھر ، خیرپور، گھوٹکی اضلاع میں پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹیوں پر موجود رہنے اور امن وامان کی صورتحال بحال رکھنے کے لئے سخت اقدامات کئے گئے تھے، جبکہ ضلع سکھر میں بھی مختلف مقامات پر پولیس اہلکارتعینات کئے گئے تھے، جناح میونسپل اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور سادہ لباس اہلکار اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود تھے جبکہ جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے مختلف مقامات ، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم عمارتوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔