چارسدہ ،شبقدر(نمائند گان جنگ) شبقدر بٹگرام میں جرگہ کے دوران فائرنگ کے نتیجہ میں پانچ افراد قتل اور دو شدید زخمی ہو گئے ۔ قتل ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔ملزمان فرار ہو گئے ۔ تھانہ بٹگرام کی حدود اشارہ کورونہ میں گزشتہ روز موٹر سائیکل کی ٹکر سے واصف ولد مہر شاہ نامی لڑکا زخمی ہو گیا تھا ۔ اسی تنازعہ کے حل کیلئے جرگہ ہو رہا تھا کہ اس دوران فریقین کے درمیان تکرار شروع ہوگئی جس کے بعد ملزمان منظور ، زمرد شاہ ، تاجمیر ، فصیح اللہ ،سبزعلی ، گل ولی ، مراد ،خانزیب اور ارشد وغیرہ نے جدید اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد عباس ولد واحد شاہ ، مصنف ولد واجد اللہ ، فضل ربی ولد عبدالہاشم ، سدیس ولد میر عالم ،طاہر ولد فضل ربی اور موسی خان ولد واسر خان جاں بحق ہو گئے ۔ واقعہ میں دو افراد یاسین ولد فضل اللہ اور انعام اللہ ولد سردار شدید زخمی ہو گئے ۔ مقتولین کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے ۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے جان بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو شبقدر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے زخمیوں کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا ۔خونی واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کئے ۔ واقعہ کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز موٹر سائیکل پر ایک حادثہ ہوا تھا جس میں ایک لڑکا زخمی ہو گیا تھا اور اسی حوالے سے جرگہ ہو رہا تھا کہ فریقین کے درمیان تکرار شروع ہو گئی ۔ بٹگرام پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ۔ پوسٹ مارٹم اور قانونی کاروائی کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جنہیں بعد ازاں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔