سکھر (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا ہے کہ ضلع سکھر میں عیدالاضحی کے موقع پر بغیر اجازت نامے کے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے اور مویشی منڈیاں قائم کرنے پر مکمل طور پر پابندی لگادی گئی ہے جس پر عملدرآمد کرایا جائیگا۔ وہ اپنے دفتر میں ضلع سکھر میں عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں مئیر سکھر ارسلان اسلام شیخ سمیت رینجرز ، پولیس ، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں اور محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈی سی سکھر نے اجلاس میں کہا کہ صرف مستند مویشی منڈیوں میں ہی جانوروں کی فروخت کی اجازت ہوگی جبکہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ، انہوں نے کہا کہ مشہور ومعروف اور مستند فلاحی اداروں کو بھی کھالیں جمع کرنے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے اجازت نامہ لینا ہوگا ، کسی کو بھی کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ لگانے یا لاوٴڈ اسپیکر لگانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع سکھر میں عیدالااضحی کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تا کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔ اسی طرح مساجد ، امام بارگاہوں اور عوامی اجتماع کے مراکز کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے میونسپل انتظامیہ اور ٹاوٴن کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے مناسب انتظامات کرتے ہوئے تعلقوں میں مخصوص جگہوں پر گڑھے کھودے جائیں جبکہ چونے کا بھی اسٹاک وافر رکھا جائے اورمحلے کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں، صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے ۔ آلائشیں نہ اٹھانے اور دیگر شکایات ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں کی جا سکتیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت نامے کے کوئی بھی مویشی منڈی نہیں چلنے دی جائے گی اور کسی کو بھی شاہراہوں پر جانور فرخت کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے ۔