لاہور (نمائندہ جنگ) نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے مسلم لیگ ( ق )کے رہنماچوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ کو آج طلب کیا ہے۔ پیراگون سوسائٹی کیس میں مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے ۔ ان کی جگہ ان کا نمائندہ پیش ہوا ۔مسلم لیگ(ن )کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نیب لاہو ر کی تحقیقاتی ٹیم نے چوہدری پرویز الہیٰ اور چودھری شجاعت حسین کواثاثہ جات کیس میں آج طلب کیا ہے۔پیراگون سوسائٹی کیس میں مسلم لیگی راہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کی جانب سے بیرسٹر حارث سوہل پیش ہو ئے۔بیرسٹر حارث سوہل نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب تحقیقاتی ٹیم کو اطلاع دیدی کہ خواجہ برادران پنجاب اسمبلی کا سیشن شروع ہونے اور حلف اٹھانے کی وجہ سے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوسکیں گے ، نیب تحقیقاتی ٹیم نے آئندہ تاریخ پر جب بلوایا تو پیش ہو جائیں گے۔ نیب تحقیقاتی ٹیم کو تمام ریکارڈ دیدیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نیب آفس میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنےپیش ہوئے تو ٹیم نے ان سے مختلف سوالات کئے۔سیف الملوک کھوکھر نے آمد ن سے زائد کیس کی تحقیقات کے حوالے سے نیب تحقیقاتی ٹیم کو ریکارڈ جمع کروادیا۔