• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے پاکستان کا نعرہ لگانیوالوں نےآغاز خریدو فروخت سے کیا، حمزہ شہباز

لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانیوالوں نےآغاز خریدو فروخت سے کیا، ہم صوبے میں کسی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے ،اپنی عددی صورتحال کے مطابق ہماری تیاری مکمل ہے اور انشاء اللہ کامیابی مسلم لیگ ن کی ہو گی ، دھاندلی کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے، نواز شریف کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، مسلم لیگ ن نے بہت سیاسی اتار چڑھا ؤدیکھا ہے،مفاد کی سیاست کو لوگ پسند نہیں کرتے ہم بے نقاب کر یں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارپنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اورمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات جمہوریت کاحسن ہیں ، ن لیگ اوراتحادیوں نے انتخابی نتائج کومسترد کردیا، آج ہم حلف لیکر آئینی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور ہم ایوان کے اندراورباہراحتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت ہے ،پی ٹی آئی اور ق لیگ کا یہ کیسا اتحاد ہے ،میں وہ الفاظ بول نہیں سکتا جو عمران خان نے ق لیگ کے لئے استعمال کئے ،مسلم لیگ ن عوام کے دلوں میں رہتی ہے ۔دریں اثناء حمزہ شہباز کی زیر صدار ت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے حکمت عملی طے کی گئی ۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے میں کسی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے ،اپنی عددی صورتحال کے مطابق ہماری تیاری مکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر خدشات اور تحفظا ت کے باوجود مسلم لیگ ن نے جمہوری عمل میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم جمہوریت کی گاڑی کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انتخابات میں ہونے والی ملک گیر دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ ا نہو ں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی پارٹی پالیسی کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھیں گے ۔
تازہ ترین