• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب ریونیو اتھارٹی کا راولپنڈی ریجن کیلئے 7ہزار ملین کا ہدف مقرر

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)نگران سیٹ اپ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کیلئے ایک غیر حقیقت پسندانہ ہدف کا تعین کردیا گیا ہے۔باخبرذرائع کے مطابق رواں مالی سال کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی راولپنڈی ریجن کیلئے7ہزار ملین روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔گزشتہ برس یہ ہدف45سو ملین روپے تھا۔ گزشتہ ہدف کے مقابلے میں پنجاب ریونیو اتھارٹی راولپنڈی ریجن نے48سو ملین روپے کا ٹیکس جمع کیاجس کو دیکھتے ہوئے آئندہ کا ہدف دوگنا سے بھی زیادہ رکھ دیا گیا ہے۔2016/17میں ٹارگٹ 28سو ملین روپے تھا۔جبکہ پی آر اے نے وصولی تین ارب ایک کروڑ 44لاکھ16ہزار83روپے کی تھی۔2017/18میں ٹارگٹ45سو ملین روپے رکھا گیاتھا۔48سو ملین روپے کی وصولی کے بعد2018/19کا ٹارگٹ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ادھرپنجاب ریونیو اتھارٹی ذرائع نے بتایا کہ پبلک سیکٹر میں ود ہولڈنگ ٹیکس اکھٹا کرنے والے سرکاری اداروں کی رجسٹریشن اور ہائوسنگ سیکٹر سے ٹیکس کلیکشن سے امید ہے ہدف پورا ہوجائے گا۔ذرائع نےبتایا کہ 15سو ملین روپے کی ریکوری کے کیسز عدالتوں میں ہیں۔اس وقت پی آر اے راولپنڈی ڈویژن کے پاس62سروسز سے منسلکہ رجسٹرڈ اداروں کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ود ہولڈنگ ایجنٹس،ہائوسنگ سوسائٹیاں،سیکورٹی ایجنسیسز،مین پاور ریکروٹمنٹ ایجنسیاں،میرج ہال،ہوٹل اینڈ ریسٹورانٹس پی آر اے کے بڑے کلائنٹس ہیں۔مزید کارروبار اور افراد کو ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں۔ہدف کے حوالے سے ایڈیشنل کمشنرپی آر اے شفقت رسول سندھو نے رابطہ کرنے پر بتایا مشکل ضرور ہے لیکن پورا کرنے کیلئے تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔
تازہ ترین