راجن پورڈکیتی کیس میں نیا موڑآگیا،پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے قتل ہونے والی لڑکی کے بھائی اورباپ کو گرفتار کرلیا، دونوں نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کو قتل کیا تھا۔
راجن پور کے نواحی علاقے فاضل پور میں قتل ہونے والی شکیلہ بی بی کے بھائی اور باپ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی طارق نے پسند کی شادی کرنے پر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کیا جس کے لیے باپ اور بھائی نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی شکیلہ بی بی نے 2سال قبل نوجوان سے بھاگ کر کراچی میں شادی کی تھی،والدین کے ساتھ صلح ہونے کے بعد گھر آئی ہوئی تھی، مقتولہ 7ماہ کی حاملہ تھی۔
مقتولہ کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اس سے قبل مقتولہ لڑکی کے والد اور بھائی نے ڈرامہ کیا تھا کہ 4مسلح ڈاکوؤں نے ان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی تھی جس سے شکیلہ جاں بحق ہوئی۔