• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس بڑی عید پر جیو فلمز کے بینرتلے بڑی فلم ’’لوڈ ویڈنگ ‘‘ اسی سوچ اور کاوش کا تسلسل ہے، جو پاکستان کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی خواہش مند ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ حال ہی میں جیو فلمز کے تحت ریلیز ہونے والی فلم ’’ طیفا ان ٹربل ‘‘ نےسپر ہٹ ہو کر امیدوں کو اور بھی جِلا بخشی ہے اور اب ’’ لوڈ ویڈنگ ‘‘ سے بھی بہت آس جڑی ہے کہ یہ کامیاب ہوکر فلم انڈسٹری کو آگے بڑھانےمیں اپنا کردار ادار کرے گی۔ اس فلم کی ہیروئن مہوش حیات ہیں جنھوں نےفہد مصطفیٰ کے مقابل کام کیا ہے۔ مختلف کامیاب ڈراموں اور فلموں میںاداکاری کے جوہر دکھانے والی مہوش حیات اس وقت فلم اور ٹی وی کی مشہورو معروف اداکارہ ہیں۔ انھوں نےجن ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، ان میں سے بیشتر سپر ہٹ ثابت ہوئے۔ مہوش نے فلموں میں اپنی آمد کی اطلاع آئٹم سونگ کے ذریعے دی۔ مہوش حیات ڈراموں اور فلموں کے علاوہ فیشن انڈسٹری ، موسیقی کی دُنیا اور تھیٹر پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہیں۔

مہوش حیات لوڈ ویڈنگ میں اپنے کردار’میرب‘ کے بارے میں بتاتی ہیںکہ ’’لوڈویڈنگ ایک فیملی ڈراما مووی ہے، اس میں کہانی بھی جان دار ہے اور رومانس بھی دیکھنے کو ملے گا۔ فیملی کے جذباتی مناظر بھی سینما گھروں میں موجود فلم بینوں کی آنکھیں نم کردیں گے۔ اس فلم میں میرے کردار ’’میرب‘‘ کے لیے پرفارمنس کا کافی مارجن تھا۔میرب پنجاب کی اَلھڑ مٹیار ہے مگر وہ مولا جٹ فلم والی اَلھڑ مٹیار نہیں ہے بلکہ آج کے دور کی اَلھڑ مٹیار ہے۔ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ میرا تعلق کراچی سے ہے۔ میں نے اس کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ مجھے اس طرح کے کردار اچھے لگتے ہیں،جس میں عورت کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہو۔ میں نے فلم میں پنجابی تلفظ کے لیے باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ اس سے قبل میں نے اس طرح کا کردار کبھی نہیں کیا تھا۔ ہم نے کردار کی نفسیات اور لُک پر بھی بہت توجہ دی ہے۔ یہ میری زندگی کا ایک یادگار کردار ہوگا۔ مجھے ’لوڈ ویڈنگ‘ کی غیر معمولی کام یابی کی بہت توقعات ہیں۔ اس سے قبل ایک مرتبہ میں نے فارسی بولنے والی لڑکی کے کردار کے لیے بہت محنت کی تھی۔‘‘

مہوش کی کوشش ہوتی ہے کہ ایسا اسکرپٹ منتخب کریں، جس میں ان کے پاس کام کرنے کا مارجن زیادہ ہو۔ مہوش نے لوڈویڈنگ میں کوئی آئٹم نمبر تو نہیں کیا لیکن شادی کے ایک گیت پر انھوں نے زبردست پرفارمنس ہے۔

مہوش سے ان کے پسندیدہ فنکاروں کا پوچھیں تو وہ کسی کو نمبر ون کا حقدار قرار نہیں دیتیں البتہ ان کے نزدیک فہد مصطفیٰ ، ہمایوں سعید اور فواد خان زبردست اداکار ہیں جبکہ انھیں پاکستانی فنکارائوں میں صبا قمر بہت پسند ہیں۔

مہوش حیات کی فی الحال ساری توجہ اپنے شو بز کیرئیر پر مرکوز ہے۔ لوگ ان کی شادی کے بارے میں افواہیں اُڑاتے رہتے ہیں، پچھلے دنوں فہد مصطفیٰ کے ساتھ ان کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیںلیکن مہوش کے مطابق ایسا بالکل نہیں ہے اور ان کا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

مہوش بنیادی طور پر ماڈل اور اداکارہ ہیں لیکن ساتھ ہی وہ گلوکاری کا بھی شوق رکھتی ہیںاوراپنے ہی ایک ڈرامہ سیریل کاٹائٹل گیت گا چکی ہیں۔ا س کے علاوہ وہ اپنے ٹیلنٹ کی آبیاری میں امریکا اور برطانیہ میں بھی کنسرٹ میں آواز کا جادو جگا چکی ہیں۔ مہوش کو پراسرار رہنا بہت پسند ہے، وہ لوگوں کو سرپرائز دے کر خوش ہوتی ہیں۔

مہوش کے بارے میں یہ خبر گردش میں ہے کہ وہ کسی فلم میںبے نظیر بھٹو شہید کا کردار ادا کررہی ہیں۔ اس پر مہوش کا کہنا ہے کہ وہ یہ کردار کرنے جارہی ہیں لیکن ابھی کام ابتدائی مراحل میں ہےاور وہ فی الحال محترمہ بے نظیر بھٹو کی شخصیت کا گہرائی سے مطالعہ کررہی ہیں اوران کی ویڈیوز اور جلسوں میں اندازِتقاریر دیکھ رہی ہیں، ساتھ ہی ان پر لکھی گئی کتابیں پڑھ رہی ہیں۔ مہوش بینظیر کی بایو گرافی پڑھتے ہوئے اپنی تصویر انسٹا گرام پر شیئر بھی کرچکی ہیں۔

مہوش حیات کو گزشتہ کچھ سالوں سے بھارتی فلم انڈسٹری سے بھی آفرز آرہی ہیں کہ وہ بھارت آکر کام کریں۔جس پر مہوش حیات کا کہنا ہے کہ میرے پاس اپنے ملک کے ڈراموں اور فلموں میں بہت کام ہے۔ ہماری اپنی پروڈکشنز معیاری اور بین الاقوامی معیار کی بن رہی ہیں۔اگر ہم اپنی فلموں پر محنت کریں تو ہمیں بھارت میں کام کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین
تازہ ترین