اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی قیادت نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستانی قوم کی امید اور عوامی امنگوں کا ترجمان قرار دیا ہے ۔تحریک انصاف گلگت بلتستان کےصدر راجہ جلال حسین مقپون ، سیکرٹری جنرل فتح اللہ خان اور سیکرٹری اطلاعات تقی اخونزادہ نےمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی آچکی ہے، نئی صبح نیا دن نئے اور پرُعزم لیڈر کے ساتھ عوامی امنگوں کے ترجمان اور پاکستانی قوم کی مستقبل کی اُمید عمران خان کے وزیر اعظم بن جانے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپٹ عناصر کے احتساب کا عملی کام شروع ہو چکا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ جو 70 سال سے غریب عوام کا استحصال کرتا آرہا ہے، انکے دن پورے ہونے والے ہیں۔نئےگلگت بلتستان کا آغاز بھی اسی صبح سے شروع ہوا ہے۔ گلگت بلتستان میں سیاسی حقوق اور معاشی انقلاب ایک نئی روح سے شروع ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان وزیراعظم بن جانے پر اس عزم اور یقین کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح اب گلگت بلتستان میں بھی کرپٹ اور کمیشن زدہ عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔