کپڑے ہوں یا پھر میک اَپ، ہر چیز موسم کے حساب سے اچھی لگتی ہے۔ موسم سرما میں میک اَپ کرنا ہو یا جِلد کا خیال رکھنا، دونوں کام نسبتاًآسان ہوتے ہیں، تاہم موسم گرما میں خواتین اپنے میک اَپ اور جِلد کی حفاظت، دونوں کے لیے زیادہ فکر مند رہتی ہیں۔ موسم گرما میں چونکہ قدرتی طور پر رنگت سانولی، جِلد کھردری، خشک (کچھ لوگوں کی آئلی بھی ہوجاتی ہے) اور روکھی ہونے لگتی ہے، اس لیے خواتین اس موسم میں میک اَپ کرنا ہرگز نہیں بھول سکتیں۔ تو آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں گرمیوں میں میک اَپ کرنے کی کچھ ایسی ٹپس کی، جن پر عمل کرکے آپ سخت دھوپ میں بھی اپنا میک اَپ برقرار رکھ سکیںگی۔
فاؤنڈیشن نہیں’ موئسچرائزر‘
موسم گرما میں فاؤنڈیشن کے بجائے موئسچرائزرکا انتخاب کریں۔ اسی طرح گرمیوں میں کریمی فاؤنڈیشن اور لیکوئیڈ بیس لگانا بھی چھوڑ دیں۔ فاؤنڈیشن گرمی کے باعث پگھلنے لگتا ہے۔ موائسچرائزر کے لیے اس برانڈ کا انتخاب کریں، جس میں SPFشامل ہو۔ ایس پی ایف آپ کی جلد کو گرمیوں میں نہ صرف دھوپ کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھتا ہے، بلکہ یہ آپ کے میک اَپ کو گرمی کے نتیجے میں پگھلنے سے بھی روکتا ہے۔
فریش لُک کے لیے’پرائمر‘
میک اَپ آرٹسٹ پرائمر کو گرمیوں کا دوست قرار دیتے ہیں۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا فاؤنڈیشن گرمیوں میں بھی دیرپا قائم رہے تو پرائمر کا استعمال کیجیے۔ پرائمر استعمال کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ چہرے پر پرائمر کی تھوڑی سی مقدار (مٹر کے دانے برابر) معیاری برش کے ذریعے چہرے پر لگائی جائے۔ پرائمر جِلد پر چکنائی نہیں آنے دیتا اور فاؤنڈیشن کا اثر چہرے پر رہتا ہے اور اسے چہرے سے ہٹنے نہیں دیتا۔ سیلی کون فارمولا پر مشتمل پرائمر کا انتخاب بہترین رہتاہے، یہ آپ کی جِلد اور آپ کے اردگرد آب و ہوا میں موجود نمی کے درمیان رکاوٹ پیدا کرتا ہے، جس سے جِلد پر پسینہ نہیں آتا اور آپ کا میک اَپ پسینے سے محفوظ رہتا ہے۔
چہرے کی صفائی
موسم چاہے کیسا بھی ہو، میک اَپ سے پہلے جِلد کی کلینزنگ کرنا ضروری ہے۔ چہرہ اچھی طرح دھوئیں، کلینزنگ اور موائسچرائزنگ کریں، یہ بات ذہن میں رکھیں کہ گرمیوں میں موائسچرائزر آئل بیسڈ نہ ہو۔ اس کے بعد میک اَپ کا آغاز کریں۔ اگر آپ کی جِلد آئلی ہےتو اسکن ٹونر یا عرق گلاب کا استعمال کریں۔ اگر میک اَپ سے پہلے برف لے کر ململ کے کپڑے میں رکھ کر آئسنگ کی جائے تو پسینہ نہیں آتا۔ اگر آئسنگ نہیں تو آپ ٹھنڈے پانی میں تولیہ بھگو کر تھوڑی دیر کے لیے اسے چہرے پر رکھ کر نیچے سے اٹھائیں، اس طرح کرنے سے بھی میک اَپ کے بعد پسینہ نہیں آتا۔
ہلکا سب سے اچھا
موسم گرما میں شمری میک اَپ کا استعمال ترک کر کے نیچرل اور ہلکے رنگوں کا انتخاب بہترین رہتا ہے ۔ لپ اسٹک اور آئی شیڈو کے لیے ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں۔ اگر چاہیں تو لپ لائنر کا استعمال کریں لیکن وہ بھی ہلکے رنگ کا ہونا چاہیے۔ صبح یا دوپہر کے اوقات میںآسمانی یا خاکستری شیڈ آنکھوں پر لگا کر ایک پرفیکٹ اور نیچرل لُک حاصل کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ شوخ انداز دینا چاہتی ہیں تو اس کے لیے گولڈن آئی شیڈو کا استعمال کریں۔ آنکھوں کے لیے گرم موسم میں واٹر پروف آئی میک اَپ مناسب رہے گا۔ واٹر پروف مسکارے کا ایک کوٹ خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنے گا۔
بلش آن
گرمیوں کے موسم میں چہرے کو تروتازہ اورشگفتہ انداز عطاکرنے کے لیے کریم بلش کا استعمال پاؤڈر بلش سے زیادہ سودمند ثابت ہوگا۔ اگر آپ چاہیں تو اپنے من پسند پاؤڈر بلش کو کسی اچھے موسچرائزر کے ساتھ ملا کر آپ اپنا کریم بلش بنا سکتی ہیںکیونکہ کریمی بلش جِلد کے اوپر لگا رہتا ہے، اس لیےگرمی میں بھی دیر پا رہے گا۔ کریم بلش ہلکی ہوتی ہے اور چہرے پر جمے بغیر ہی آپ کو بہت اچھا ، قدرتی اور نرم و ملائم نکھار دیتی ہے۔
لپ اسٹک کا انتخاب
گرمیوں میں لپ اسٹک کے لیے گہرے رنگوںکا انتخاب ہر گز نہ کریں۔اسی طرح گرم موسم میںلپ گلوس کا استعمال بھی نہیں کرنا چاہیے،یہ گرمیوں میں بہت جلد پگھل جاتا ہے۔ صرف لپ اسٹک کا استعمال ہی کافی رہتا ہے۔لپ اسٹک اپلائی کرنے سے قبل ہلکا فاؤنڈیشن اپلائی کریں، اس کے بعد لپ اسٹک استعمال کریں۔ ایسا کرنے سے میک اَپ خراب نہیں ہوگا اور شمع محفل بھی آپ ہوں گی۔
ہمیں امید ہے کہ ان مشوروں پر عمل پیرا ہوکر، گرمیوں کے موسم میں آپ اپنے میک اَپ اور جِلد کا اچھی طرح خیال رکھ پانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔