• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالاضحی قریب آتے ہی سکھر میں لگنے والے جمعہ بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں تیز

سکھر (بیورو رپورٹ) عیدالاضحی نزدیک آتے ہی سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے تجارتی مراکز میں لگنے والے جمعہ بازاروں میں بھی کاروباری سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں عید قرباں کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی شہر کی اہم تجارتی مراکز میں کاروباری سرگرمیاں بڑھ گئیں، لوگ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے جانوروں کی خریداری کے ساتھ ساتھ عید پر اپنے اہل خانہ کیلئے سامان کی خریداری بھی کررہے ہیں۔ شاہی بازار، کپڑا مارکیٹ، فرےئر روڈ، غریب آباد، مہران مرکز، پرانا سکھر، ڈھک بازار روہڑی ودیگر علاقوں میں قائم کئے جانیوالے جمعہ بازار وں میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنی مطلوبہ اشیاء کی خریداری کے لئے پہنچی، مرد و خواتین اپنے بچوں کے لئے تیار ملبوسات، جوتے، چپلیں، مصنوعی زیورات، مہندی، میک اپ کا سامان ودیگر اشیاء کی خریداری میں مصروف رہے۔ صبح سے رات گئے تک خریداروں کا رش دیکھنے میں آیا، تاجروں نے شہریوں کی آمد کو دیکھتے ہوئے مقررہ وقت کے بعد بھی دکانوں کو کھولے رکھا، متوسط طبقے کے لوگوں نے خریداری کے موقع پر عام دنوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا جبکہ کئی خواتین فٹ پاتھ پر سستی اشیاء فروخت کرنیوالے تاجروں سے بحث و مباحثہ کرتی رہیں۔ جمعہ بازاروں میں خریداری کرنیوالوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عید کی خریداری میں مشکلات کا سامنا تو کرنا پڑتا ہے تاہم بچوں کی فرمائشیں پوری کرنا بھی ضروری ہوتا ہے، جمعہ بازاروں میں عام بازاروں کے مقابلے میں اشیاء رعایتی نرخوں پر مل جاتی ہے، اس لئے ہم لوگ یہاں پر آتے ہیں اور اپنی مطلوبہ اشیاء کی خریداری کرتے ہیں۔

تازہ ترین