کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیژر لیگس نے گلگت بلتستان میں ویمنز فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے خواتین کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، وومن فٹبالرز کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرکے دیامیر میں گرلز اسکول کو تباہ و برباد کرنے اور انہیں ایجوکیشن اور اسپورٹس سے دور رکھنے کی جو کوشش کی ہے وہ اس سے قطعاً خوفزدہ نہیں ہیں، اس بات کا اظہار میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی فرید راجہ نے اپنے خطاب میں کیا۔ ہنزہ میں ایف جی بوائز ہائی اسکول گلمٹ میں گوجال سیون اے سائیڈ ہنزہ کپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاسو وومن ایف سی، گھولکن وومن ایف سی، النور وومن ایف سی، گوجال یونائیٹڈ وومن ایف سی، جی وائی ایس سی یلو وومن ایف سی اور جی وائی ایس سی بلیو ایف سی نے حصہ لیا۔ فائنل میچ میں گھولکن وومن ایف سی نے دلچسپ مقابلے کے بعد النور وومن ایف سی کو 1-0سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلیا۔ لیژر لیگس کے وقاص حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرنک والا فیملی گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں میں فٹبال کھیل کی ترقی کے خواہشمند ہے بالخصوص وومن فٹبال میں ان کی دلچسپی کو ترجیح حاصل ہے۔ اس موقع پر صدر، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ہنزہ اور فدا محمد، صدر تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن گوجال و دیگر بھی موجود تھے۔بعدازاں مہمان خصوصی فریدہ راجہ نے فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں میں ونر او ررنر اپ ٹرافی کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔