حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین ،نومنتخب حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی ناصر حسین قریشی ،ندیم صدیقی ،راشد خلجی اور پی ایس 64سے حق پرست امیدوار حاجی یونس گدی سمیت حق پرست بلدیاتی عوامی نمائندوں اور ایم کیوایم کے ذمہ داران نے حیدر آباد شہر میں بارش کے دوران حیدر آباد کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے حق پرست بلدیاتی عوامی نمائندوں اور ایم کیوایم کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد شہر حق پرستوں کا شہر ہے اور حق پرست عوامی نمائندے عوامی مسائل اور مشکلات حل کرنے کےلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کریں ۔انہوں نے کہاکہ نکاسی آب کےلئے پمپنگ اسٹیشنوں کی کارکردگی کو مزید بہتر سے بہتر بنائیں اور بجلی کی عدم فراہمی پر پمپنگ اسٹیشنوں کی موٹرزکو بجلی فراہم کرنے کےلئے متبادل ذریعے استعمال کئے جائیں تاکہ نکاسی آب کی وجہ سے شہر یوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہوسکے ،انہوں نے ایم کیوایم حیدر آباد کے ذمہ داران و کارکنان کو شہر بھر میں متحرک رہنے اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کرنے کی خصوصی ہداہت دی۔