لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے مطابق پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پانی کے سنگین بحران کے پیش نظر اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت سے آگاہ کرنے کیلئے جلد ہی برطانیہ اور بعض یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔ ورلڈ کانگریس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چیف جسٹس چیف جسٹس نے پانی کی قلت اور ڈیمز کی تعمیر کی ضرورت کے نازک مسئلے پر بات کرنے کی دعوت قبول کرلی ہے تاکہ پاکستانی تارکین سے اس مقصد کیلئے رقم جمع کی جاسکے۔ ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے عارف انیس نے بتایا کہ انھوں نے اگلے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کے تاریخی فیصلے کے بعد چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی، بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے درخواست سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے ڈاکٹر فرحت صدیقی نے پا کستا ن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر کے ساتھ اپنے وکیل محمد غزنوی کے ذریعہ دائر کی تھی۔ عارف انیس اس مقدمے میں عدالت میں حاضری کیلئے برطانیہ سے پاکستان گئے تھے۔ انھوں نے چیف جسٹس سے ملا قا ت کے دوران پاکستانی تارکین کی جانب سے انھیں ووٹ دینے کا حق دینے کے اس تاریخی فیصلے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے دی نیوز کو بتایا کہ انھوں نے چیف جسٹس کو اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا اور ان سے برطانیہ، یورپ اورامریکہ کا دورہ کرنے کی درخوا ست کی۔