کراچی (اسٹاف رپورٹر) لائوڈ اسپیکر ایکٹ خلاف ورزی کیس میں عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، کنور نوید اور حیدر عباس رضوی کو اشتہاری قرار دیدیا۔پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے، متعلقہ تھانوں میں اشتہار آویزاں کیے جن میں کہا گیا کہ ملزم روپوش ہوگئے ہیں، تاہم ملزمان پیش نہ ہوئے، جبکہ حیدرعباس رضوی بیرونِ ملک فرار ہوگئے ہیں، ملزمان کی گرفتاری ممکن نہیں۔ لہذا انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔ عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، کنور نوید اورحیدرعباس رضوی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزمان کی منقولہ وغیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔مقدمے میں نامزد میئر کراچی وسیم اختر اور ڈاکٹر فاروق ستار ضمانت پر ہیں، دونوں پر 5 ستمبر کو فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے جب کہ خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) ہیں۔