• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی و میونسپل انتظامیہ سکھر کی عدم توجہی، عیدالاضحی پر صفائی وستھرائی کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکا

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی عید الاضحیٰ پر شہر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکا، اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں سیوریج کا نظام مفلوج ہونے اور گند و کچرے کے ڈھیر جمع رہنے سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں، شہر کے بعض ایسے علاقے جن مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہونگے ان کے اطراف بھی گند وکچرے کے ڈھیر اور سیوریج کا پانی جمع ہے، عید سے قبل انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں جمع گند و کچرے کے ڈھیر صاف نہیں کئے گئے ہیں اور نہ ہی سیوریج کے مفلوج نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ لوگ یہ سوچ پر زیادہ پریشان ہے کہ عید سے قبل ہی صفائی کی صورتحال اس قدر خراب ہے تو عید پر کیا ہوگا؟ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے انتظامیہ کیا انتظامات کریگی؟ طویل عرصے سے شہر کے اہم ترین کاروباری مراکز، رہائشی علاقوں اور شاہراہوں نشتر روڈ، میانی روڈ، مارچ بازار، میڈیسن مارکیٹ، لیاقت چوک، نمک بازار، اناج بازار، گھنٹہ گھر چوک، بیراج روڈ، مہران مرکز، پان منڈی میں سیوریج کا نظام مفلوج ہونے سے جگہ جگہ پانی جمع ہونا روز کا معمول بنا ہو اہے۔ ایک جانب شہر کے اہم ترین کاروباری مراکز میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے سے سیوریج کا پانی سڑکوں کی زینت بنا رہتاہے تو دوسری جانب شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، ریجنٹ سنیما، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، بھوسہ لائن، مائکرو کالونی و دیگر میں گند و کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جن سے اٹھنے والے تعفن اور بدبو سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے عیدالاضحی کی آمد کے باوجود اہم تجارتی مراکز و رہائشی علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال اور مفلوج نکاسی نظام کی بہتری کے لئے انتظامات نہ کرنے سے شہریوں، دکانداروں اور خریداروں میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے۔ شہریوں و دکانداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں طویل عرصے سے سیوریج کا نظام تباہ حال ہے مگر افسوس کہ انتظامیہ اسے بہتر بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے، مےئر سکھر شہری مسائل کے حل کے لئے اعلانات تو کرتے ہیں مگر ان کے اعلانات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر سیوریج کے تباہ حال نظام کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور گنجان آباد علاقوں میں جمع گند و کچرے کے ڈھیر بھی صاف کروائے جائیں۔

تازہ ترین