معروف برطانوی ماہر جلد ڈاکٹر ڈینس گراس بتاتے ہیں کہ ’آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے پڑنے کی دو عمومی وجوہات ہوسکتی ہیں۔جینیاتی(خاندانی) یا پھر لائف اسٹائل‘۔ ڈاکٹر گراس نے اپنی اسکن کیئر پراڈکٹس بھی متعارف کروا رکھی ہیں۔ ’سیاہ حلقوں کی ابتدا چھائیوں سے ہوتی ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ جلد کا رنگ گہرا ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ اس کی وجہ موروثی بھی ہوسکتی ہے اور اس کی وجہ تیز دھوپ کا جلد پرپڑنا بھی ہوسکتی ہے‘، ڈاکٹر گراس بتاتے ہیں۔ ’اس کی ایک اور وجہ رَگوں کا پھول جانا بھی ہوسکتی ہے۔ جب آنکھوں کے نیچے والی جِلد سے گزرنے والی رگیں پھولنے لگتی ہیں تو وہ جگہ سوجنے اور سیاہ ہونے لگتی ہے۔ اس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے عمومی کمزوری، موسمی الرجی اور غذائی کمی‘۔
ماہرینِ جلد بتاتے ہیں کہ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کی وجوہات چٹکی لے کر معلوم کی جاسکتی ہیں۔ اگر آپ چٹکی لے کر آنکھوں کے نیچے والی جِلد کو اوپر اُٹھائیں اور اس کا رنگ بھورا ہی رہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی جِلدپر چھائیاں نمودار ہورہی ہیں۔ اس کے برعکس، اگر چٹکی لینے سے جِلد کا رنگ پیلا یا سفید پڑجائے تو اس سے رگیں پھولنے کا مطلب اخذ کیا جانا چاہیے۔وجوہات جاننے کے بعد اب مسئلہ یہ ہے کہ آنکھوں کے نیچے پڑنے والے سیاہ حلقوں کو کیسے کم یا ختم کیا جائے؟
اپنی غذا کا خیال رکھیں
’پاؤلا چوائس اِسکن کیئر‘ کی بانی اور ماہر جِلد پاؤلا بیجون کا کہنا ہے کہ آپ جب بھی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ کریں تو اس سلسلے میں سب سے پہلے آپ کو اپنی غذا کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔’ہرچند کہ سیاہ حلقوں سے جان چھڑانے کے لیے کوئی یقینی غذا نہیں ہے، تاہم سوزش ختم کرنے والی غذائیں جیسے تازہ پھل، سبزیاں، اناج، پروٹین اور صحت مند فیٹس (چربی) پورے انسانی جسم بشمول آنکھوں کے نیچے والی جلد پر نمایاں اور مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں‘، پاؤلا بیجون کہتی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر گراس کہتے ہیں، ’خصوصاً رات کے وقت الکوحل اور رات کے کھانے کے بعد کافی کو خیرباد کہنا ایک اچھی ابتدا ہوسکتی ہے‘۔
بہتر نیند
یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ نیند کی کمی سیاہ حلقے پڑنے کی بنیادی وجوہات میں شامل نہیں، تاہم اگر کسی کو سیاہ حلقے ہوں تو نیند کی کمی ان حلقوں کو مزید خراب کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالتی ہے۔
سن اسکرین استعمال کریں
’آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ آپ دن کے اوقات میں سن اسکرین لگانے کو اپنے معمولات میں شامل کرلیں‘، پاؤلا بیجو کہتی ہیں۔ ’ایک کام آپ یہ بھی کرسکتی ہیں کہ اگر آپ آنکھوں کے نیچے والی جِلد کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاہ حلقوں کو چھپانا چاہتی ہیں تو SPF فارمولے والا کنسیلر (Concealer) استعمال کریں‘۔
اپنی صحت پر نظر رکھیں
اگر آپ سگریٹ نوشی کرتی ہیں تو اسے ترک کرنے کے لیے ہر وہ کام کریں، جو آپ کے بس میں ہو۔ ’ریسرچ سے ظاہر ہوا ہے کہ سگریٹ پینے یا دوسروں کی سگریٹ سے نکلنے والے دھویں کو سانسوں کے ذریعے اندر لینے سے سیاہ حلقے مزید گہرے پڑنے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ، بڑھا ہوا وزن اور زائد کولیسٹرول بھی سیاہ حلقوں میں اضافے کی وجہ بن جاتا ہے۔ وزن اور کولیسٹرول کے مسئلے سے غذائی تبدیلیوں، ادویات اور ایکسرسائز کے ذریعے نمٹاجاسکتا ہے‘۔
اسکن کیئر
اسکن کیئر کے معاملے میں آپ مختلف چیزوں میں سے بہترین کا انتخاب کرسکتی ہیں۔ ڈاکٹر گراس کہتے ہیں کہ، ایسی اسکن کیئر پراڈکٹس کا انتخاب کریں جو وٹامن سی اور Hyaluronic Acidکی حامل ہوں۔ Hyaluronic Acidجِلد میں نمی کو برقرار رکھنے میں مددگار رہتا ہےجبکہ وٹامن سی جِلد میں ’کولاجن‘ بھی بناتا ہے، جو اسے لچکدار رکھتا ہے۔