ابھی عید کی چھٹیاں ختم ہوئی ہیں مگر ملنا ملانا اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں خواتین جِلد پر نکھار لانے اور رنگ گورا کرنے کے لیے مہنگی مہنگی کریم یا بیوٹی پراڈکٹس کا استعمال کرتی ہیں، مگر کیوں؟ ہم جانتے ہیں کہ جِلد کی دلکشی بڑھانے کا خواب اس مصروف زندگی اور آلودگی بھری فضامیں بہت کٹھن ہے۔ ایسے میں غیر معیاری بیوٹی پراڈکٹس اورزیادہ میک اَپ کا استعمال جِلد کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
قدرتی اجزاء کا استعمال جِلد کی رنگت گوری کرنے، داغ دھبے صاف کرنے اور نقصان دہ بیکٹریا کے اثرات کو کم کرنے کے علاوہ آپ کو الرجی، جِلد کے کینسر اور دوسری بہت سی بیماریوں سے بچاسکتا ہے۔ آج ہم آپ سے کچھ ایسی ہی قدرتی اجزاء اور گھر میں تیار کیے جانے والے ماسک سے متعلق معلومات شیئر کریں گے، جو نہ تو مہنگے ہیں اور نہ ہی آپ کی جِلد کے لیے نقصان دہ۔
پپیتے اور شہد کا ماسک
پپیتا نہ صرف کھانے میں لذیذ ہوتا ہے بلکہ چہرے کی جِلد کے لیے بھی بہترین ہے۔ اس میںموجود وٹامن اے اورپاپین انزائم جِلد کے مردہ خلیوں کودوبارہ فعال کردیتے ہیں، جس سے جِلد تازہ اورچمکدارلگنے لگتی ہے جبکہ یہ جِلد کو خشک ہونے سے بھی بچاتے ہیں۔
ماسک بنانے کا طریقہ : آدھا پپیتالیں اور اس کے گودے کا جوس نکال لیں،اس میں 3چمچے شہد مکس کر لیں، اب اس ماسک کو اپنے چہرے اور گردن پر لگائیں اور 20منٹ تک لگانے کے بعد اسے ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس کے علاوہ کچے پپیتے کو اچھی طرح پیس لیں اور اسے اپنے چہرے پر آدھا گھنٹے تک لگا رہنے دیں، یہ پیسٹ چہرے کی جلد کو نرم اور ملائم بنائے گا اور چہرے پر بننے والے داغ اور جھائیوں کو ختم کردے گا۔
صندل پاؤڈر، المنڈ پاؤڈر اور دودھ
صندل سرد موسم میں جِلد کی خشکی دور کرنے اور رنگت گوری کرنےکے لیے بہترین سفو ف ہے جبکہ بادام یا دودھ جِلد کو غذائیت فراہم کرنے اور بے داغ رکھنے میں مددگار ہے ۔
ماسک بنانے کا طریقہ :ایک چمچ صندل پاؤڈراور ایک چمچ بادام کا پاؤڈر لیں اور دودھ میں مکس کرکے اچھے سے ماسک تیار کرلیں۔ یہ ماسک چہرے پر لگائیں اور 20منٹ کے لیے اسے لگارہنے دیں، اس ماسک کو ہفتے میں دو سے تین مرتبہ لگائیں۔ یہ ماسک تمام اقسام کی جِلدرکھنے والی خواتین کے بہترین لیکن جن خواتین نے اس ماسک کو پہلے کبھی استعمال نہیں کیا وہ پہلے کہنی یا ہاتھ پر لگا کر اس کے نتائج چیک کرلیں۔
آلو کا رس
آلو صرف کھانے کے لیے ہی نہیں بلکہ چہرے کی جِلد کو چمکدار بنانے، چہرے سے داغ دھبے صاف کرنے اور رنگت نکھارنے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔اگر آپ بھی جِلد کی رنگت نکھارنا چاہتی ہیں تو آلو کا ماسک چہرے پر لگائیں۔ کچا آلو چھیل کر اسے دو حصوں میں تقسیم کرلیں اور ایک ٹکڑا لے کر اچھی طرح کچل کر کپڑے پر پھیلا کر اسے چہرے پر لگائیں۔ اس کا استعمال رات کے وقت کریں، رات بھر میں اس کا عرق جلد میں جذب ہو جائے گا۔ صبح روئی کو پانی میں ڈبو کر اس کی مدد سے چہرہ صاف کریں، بعد میں اپنا منہ دھولیں ۔
بلیو بیریزاور دہی کا ماسک
بلیو بیری چہرے کی سرخی کو بڑھانے میں مددگار ہے۔ اس پھل میں موجود وٹامن سی اور ای جِلد کو چمکاتے ہیں اور حلقوں وغیرہ کی روک تھام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں پائے جانے والے دیگر اجزاءجِلد کی رنگت کو سنوارنے کا کام بھی کرتے ہیں۔
ماسک بنانے کا طریقہ :مٹھی بھر بلیو بیریز لیں، آدھا کپ بغیر بالائی دہی اس میں مکس کرلیں ۔ اچھی طرح سے مکس کرنے کے بعد یہ ماسک اپنے چہرے پر اپلائی کریں ۔15منٹ بعد ہلکے گرم پانی سے چہرہ دھولیں، یہ ماسک چہرے کی جِلد اور رنگت دونوں کے لیے بہترین ہے۔
کینواور دہی کا ماسک
اگرچہ کینو اس وقت مارکیٹ میں دستیاب نہیں لیکن کینوں کی آمد زیادہ دور بھی نہیں۔ کینوں قدرت کا ایک ایساتحفہ ہے جسے کھانے یا پینے کے لیے ہی نہیں بلکہ چہرے پر لگانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔اگرآپ چہرے کی جِلد کو نرم وملائم اور جھائیوں سے دور رکھناچاہتی ہیں تو کینو اور دہی کے ماسک کا استعمال کریں، یہ ماسک تمام طرح کی جِلد کے لیے یکساں مفید ہے۔
ماسک بنانے کا طریقہ :کینوکا ماسک جِلد کو چمکدار اور خوشگوار بنانے کے لیے بے حد مفید ہے۔ کینوکے چند چھلکوں دو سے تین دن دھوپ میں رکھ کر خشک کریں اور پھر انہیں پیس لیں، اس میں دو کھانے کے چمچے دہی اور ایک کھانے کا چمچ شہد ملا کے چہرے پر لگا لیں۔جب یہ خشک ہوجائے تو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ اس ماسک کے ذریعے آپ کی جِلد کو قدرتی چمک حاصل ہوجائے گی۔